26 مارچ 2014 - 19:30
افغانستان میں جشن نوروز کی تقریب میں ڈاکٹر روحانی کی شرکت

اسلامی جمہوریۂ ایران، افغانستان، تاجیکستان اور پاکستان کے صدور نے علاقائی تعاون کے فروغ کی ضرورت پر تاکید کی ہے۔

ابنا:  ذرائع کے مطابق ڈاکٹر حسن روحانی، امام علی رحمان، ممنون حسین اور حامد کرزئی نے آج کابل میں نوروز کے عالمی جشن کے انعقاد کے موقع پر چار جانبہ ملاقات کی اور علاقائی ملکوں کی تہذیب و ثقافت اور ان ملکوں کے درمیان تمام شعبوں میں تعاون کی تقویت کو ضروری قرار دیا۔ اسی طرح ایران، افغانستان اور تاجیکستان کے صدورنے ایوان صدر میں سہ جانبہ ملاقات کی۔ اس ملاقات میں ڈاکٹر حسن روحانی، حامد کرزئی اور امام علی رحمان نے باہمی دلچسپی کے امور پر بات چیت کی۔ فارسی زبان سے تعلق رکھنے والے ان تینوں ملکوں کے صدور نے فارسی زبان کو تقویت پہنچائےجانے اور آداب و سنن کو عقیدت واحترام سے منائےجانے کی ضرورت پر تاکید کرتے ہوئے نوروز کو امن و دوستی کا جشن قرار دیا اور علاقے میں امن واستحکام کے قیام کے لئے باہمی تعاون کی ضرورت پر تاکید کی۔ واضح رہے کہ علاقائی جشن، نوروز کی تقریبات، گيارہ ملکوں  اسلامی جمہوریۂ ایران ، عراق ، پاکستان ، ترکمنستان ، تاجیکستان، قرقیزیہ ، جمہوریۂ آذربائیجان ، آرمینیا ، ازبکستان ، قزاقستان اور ہندوستان کی شرکت سے افغانستان کے ایوان صدر میں منائی جارہی ہیں۔ پہلے اس جشن کا انعقاد ایوان پغمان میں ہونا طے پایا طے تھا۔ یہ پانچواں سال ہے کہ نوروز منانے والے ممالک  اعلی سطح پر جشن نوروز کا انعقاد کرتے آرہے ہیں ۔ نوروز، افغانستان میں بڑے پیمانے پر منایا جاتا ہے۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۲۴۲