4 مارچ 2014 - 20:30
مصر کے فوجی سربراہ نے صدارتی انتخابات میں امیدوار بننے کی خواہش ظاہر کردی

مصر میں جمہوری طور پر منتخب ہونے والی پہلی حکومت کے خلاف بغاوت کرکے تختہ الٹنے کی کارروائی کی قیادت کرنے والے فوجی سربراہ عبدالفتح السیسی نے واضح طور پر کہا ہے کہ وہ صدارتی انتخابات میں حصہ لے سکتے ہیں۔

ابنا: مصر کی سرکاری خبر رساں ایجنسی مینا کے مطابق، مصر کی مسلح افواج  کے سربراہ فیلڈ مارشل  عبدالفتح السیسی نے صدارتی انتخاب میں حصہ لینے سے متعلق واضح بیان دیا ہے۔ایجنسی کے مطابق فیلڈ مارشل نے کہا ہے کہ  وہ صدارتی انتخابات میں امیدوار بننے سے متعلق عوام کے مطالبات اور ان کی خواہشات کو نظر انداز نہیں کرسکتے۔دارالحکومت قاہرہ میں ہونے والی ایک فوجی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے السیسی نے کہا کہ انتخاب میں ان کے امیدوار بننے سے متعلق با قاعدہ اعلان آئندہ چند روز میں متوقع ہے۔سیاسی تجزیہ نگاروں کا خیال ہے کہ مسلح افواج کے سربراہ ہونے کی حیثیت سے السیسی بآسانی صدر منتخب ہوجائیں گے۔السیسی کی قیادت میں مصری افواج نے گزشتہ سال جولائی میں معزول صدر محمد مرسی کی حکومت کا تختہ الٹ دیا تھا۔مرسی کی حکومت کا تختہ الٹنے کے بعد السیسی نے فوجی حمایت یافتہ عبوری حکومت  قائم کردی تھی، جس نے پہلے ہی اپنے بیشتر اختیارات السیسی کو سونپ دیے ہیں۔منگل کو اپنے خطاب میں فیلڈ مارشل السیسی  نے مزید کہا کہ  مصر اس وقت مشکل وقت سے گزر رہا ہے جس کا تقاضا ہے کہ مصری عوام، فوج اور پولیس باہم اتحاد کا مظاہرہ کریں۔......./169