10 فروری 2014 - 20:30
۱۱ فروری کا دن تمام حریت پسندوں کی آزادی کا دن ہے+تصاویر

اسلامی جمہوریۂ ایران کے صدر نے کہا ہے کہ 22 بہمن مطابق 11 فروری کا دن تمام حریت پسندوں کی آزادی کا جشن منانے کا دن ہے ۔

اہل البیت (ع) نیوز ایجسنی۔ابنا۔ صدر مملکت ڈاکٹر حسن روحانی نے اسلامی انقلاب کی کامیابی کی پینتیسویں سالگرہ کی مناسبت سے آزادی اسکوائر پر لاکھوں ایرانی عوام کے اجتماع میں کہا کہ اسلامی انقلاب، اس سرزمین میں اسلام کو نجات دینے اور ایرانی قوم کی سربلندی و عزت کا باعث بنا ۔ جناب روحانی نے کہا کہ 35  سال قبل اسی دن ملت ایران نے دور اندیش اور روشن ضمیر فقیہ و قائد حضرت امام خمینی (رہ ) کی قیادت میں، ظالم اور ڈکٹیر حکومت کے خلاف استقامت و پائیداری کا مظاہرہ کرتے ہوئے اسلامی انقلاب کو کامیابی سے ہمکنار کیا ۔ جناب روحانی نے مزید کہا کہ ایران کے اسلامی انقلاب کی کامیابی، ایک قبیلے ایک قوم اور ایک طبقے یا ایک دھڑے کی کامیابی نہيں تھی بلکہ تمام ایرانی عوام کی کامیابی تھی ۔ اسلامی جمہوریۂ ایران کے صدر نے اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ ایران کا اسلامی انقلاب کسی غیر ملکی طاقت پر بھروسہ کئے ہوئے نہیں تھا کہا کہ یہ ملت ایران تھی کہ جس نے اپنے دینی اور اسلامی محرک اور جذبے کے ذریعے اہانتوں اور حقارتوں کا ڈٹ کر مقابلہ کیا ۔ انہوں نے مزید کہا کہ امریکی یہ سمجھتے تھے کہ ایران کی سرزمین اور حکومت پر ان کا قبضہ ہے اور اسی لئے وہ ہر جگہ پر مداخلت کرتے تھے لیکن ایرانی قوم نے ان کو استقامت وپائيداری کے ذریعے ایران سے بے دخل کردیا ۔ ڈاکٹر روحانی نے کہا کہ مغرب اب یہ اچھی طرح سمجھ گيا ہے کہ بائیکاٹ کاراستہ غلط اور نادرست ہے اور جو کوئي بھی دھمکی یا بائیکاٹ کا درپے ہوگا اس کی سرنوشت بھی تاریخ کے تمام ظالموں اور جارحین کی طرح ہی ہوگي ۔ جناب روحانی نے گروپ پانچ جمع ایک کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ایٹمی مذاکرات، یورپ اور امریکہ کے لئے ایک تاریخی تجربہ ہیں، لہذا اگر وہ ایٹمی مذاکرات میں قانون اور ملت ایران کےحقوق اور مشترکہ احترام اور مفادات کے دائرے میں تعاون کریں گے تو ایران اور ملت ایران کا جواب بھی انہیں مثبت اور مناسب  ہی ملےگا ۔ 

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۲۴۲