9 فروری 2014 - 20:30
ایران کے ساتھ مذاکرات کی ناکامی، امریکہ کے مفادات کے لئے نقصان دہ

امریکہ کے سابق نائب وزیر دفاع نے کہا ہے کہ ایران کے ساتھ مذاکرات کی ناکامی، امریکہ کے مفادات کے لئے نقصان دہ ہے۔

ابنا:  ذرائع کے مطابق جنرل رابرٹ جی گارڈ نے ایران کے ساتھ مذاکرات کے بار ے میں امریکی جرنیلوں کے نظریات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ امریکی فوج میں مختلف طرح کے نظریات پائے جاتے ہیں لیکن امریکی فوجی کمان نے اعلان کیا ہے کہ وہ مذاکرات کی حمایت کرتی ہے۔ پنٹاگون کے اس سابق عہدیدار نے کہا کہ ایران پر حملہ کرنے کا کوئي رجحان نہیں پایا جاتا کیونکہ ایران پر حملوں کا مطلب یہ ہے کہ امریکہ مشرق وسطی میں ایک اور جنگ چھیڑ دے جس سے علاقے کا استحکام متزلزل ہوجائے گا۔ امریکہ کے اس سابق جنرل نے کہا کہ ایران کے ساتھ پانچ جمع ایک گروپ کے مذاکرات میں اگر حقیقی سنجیدگي ہو تو چھے مہینے کے اندر ایران کے ساتھ حتمی معاہدہ ہوسکتا ہے۔ انہوں نے کانگریس میں ستر ڈیموکریٹ اراکین کی جانب سے ایران کے ساتھ مذاکرات کی حمایت میں لکھے جانے والے خط کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ان اراکین کی جانب سے صدر اوباما کو یہ خط ایسے عالم میں بھیجا گيا جبکہ جنیوا معاہدے کے خلاف کانگریس میں فضا بنی ہوئي تھی اور مخالفین، صدر اوباما کو ایران کے خلاف مزید پابندیاں لگانے پر مجبور کرنا چاہتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ڈیموکریٹ اراکین کے اس اقدام سے ایک المیے کی روک تھام ہوگئي۔ جنرل رابرٹ جی گارڈ نے کہا کہ ایران کے وزیر خارجہ نے صراحت کے ساتھ کہا تھا کہ پابندیوں کی صورت میں مذاکرات ناکام ہوجائيں گے اور ایران، مذاکرات سے خارج ہوجائے گا اور ایران کے ساتھ مذاکرات کی شکست، امریکہ کے مفادات کو نقصان پہنچاسکتی تھی۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۲۴۲