ابنا: امریکہ کے سب سے بڑے شہر نیویارک کے نو منتخب میئر ڈی بلازیو نے عیدالفطر و عیدالاضحی ٰ پر نیویارک کے سکولوں میں زیرِ تعلیم مسلمان بچوں کیلیے سرکاری تعطیل کا اعلان کیا ہے۔
ڈی بلازیو نے یہ اعلان ایک استقبالیہ تقریب میں کیا اور ان کا کہنا تھا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ انتخابی مہم کے دوران مسلم کمیونٹی سے کیے گئے وعدوں میں سے ایک فوراً پورا کیا جائے۔
عیدین کے مواقع پر نیویارک کے تعلیمی اداروں میں سرکاری طور تعطیلات کا مطالبہ نیویارک میں آباد پاکستانیوں سمیت مسلم برادری کا دیرینہ مطالبہ رہا ہے۔
میئر کی زیر نگرانی کام کرنے والے نیویارک کے محکمۂ تعلیم کی ترجمان نے بھی میئر کے اس اعلان کی تصدیق کی ہے۔
سٹی آف نیویارک میں ضروری قانون سازی کے بعد میئر کے زیر کنٹرول رہنے والے محکمہ تعلیم کے زیر انتظام آنیوالے تمام اسکولوں و دیگر تعلیمی اداروں میں عیدین پر مسلمان بچوں کو ایک دن کی چھٹی دی جائے گی۔
یاد رہے کہ نیویارک شہر میں مسیحی اور یہودی مذاہب سے تعلق رکھنے والے بچوں کو انکے مذہبی تہواروں پر سکول سے پہلے سے ہی سرکاری طور پر تعطیلات ملتی ہیں۔
ڈیموکریٹ پارٹی سے تعلق رکھنے والے میئر ڈی بلازیو نے یکم جنوری 2014 کو اپنے عہدے کا حلف اٹھایا ہے۔
انھوں نے انتخابی مہم کے دوران مساجد و مسلمانوں کے مذہبی مراکز کی مبینہ طور نیویارک پولیس کی طرف سے کی جانے والی نگرانی کے پالیسی ختم کرنے کا بھی وعدہ کیا تھا۔
اس کے علاوہ انھوں نے پولیس کی طرف سے ’سٹاپ اینڈ فرسک‘ یعنی روک کر جامہ اور گاڑیوں کی اچانک تلاشی لینے والی پالیسی کے خاتمے کی بھی بات کی تھی۔
نیویارک میں اقلیتی برداریوں کی طرف سے سابق میئر بلومبرگ کی ’سٹاپ اینڈ فرسک‘ پالیسی پر تحفظات کا اظہار کیا جاتا رہا ہے۔
.......
/169