2 فروری 2014 - 20:30
ہیلری کلینٹن: ایران کے خلاف نئی پابندیوں کی مخالفت

امریکہ کی سابق وزیر خارجہ ہیلری کلینٹن نے اپنی پارٹی کے ایک سینیٹر کے نام اپنے خط میں ایران کے خلاف پابندیاں مزید سخت کرنے کیلئے امریکی کانگریس کے ممکنہ اقدام پر اپنی کھلی مخالفت کا اظہار کیا ہے۔

ابنا: ذرائع کے مطابق ہیلری کلینٹن نے  ڈموکریٹ سینیٹر کارل لوین کے نام ، جو امریکی سینٹ میں مسلح افواج کمیٹی کے سربراہ بھی ہیں، اپنے خط میں صراحت کے ساتھ کہا ہے کہ ایران کے خلاف پابندیاں مزید سخت کئے جانے سے مستقبل میں ایران کے ساتھ جامع جوہری سمجھوتے کا حصول، خطرے سے دوچار ہوجائیگا اسلئے وہ اس سلسلے میں امریکی صدر بارک اوباما کے موقف کی حمایت کرتی ہیں۔ انھوں نے اس خط میں لکھا ہے کہ ایران کے خلاف کانگریس کے اقدام سے امریکہ کی سفارتی پوزیشن کو نقصان پہنچ سکتا ہے جس سے بڑی طاقتوں کے درمیان ایران کے مسئلے میں دراڑ پیدا ہوسکتی ہے۔اس سے قبل اس امریکی سینیٹر نے ہیلری کلینٹن سے پوچھا تھا کہ امریکہ کی سابق وزیر خارجہ کی حیثیت سے وہ ایران کے خلاف امریکی کانگریس کے ممکنہ اقدام کے بارے میں کیا رائے دے سکتی ہیں۔ واضح رہے کہ امریکی صدر بارک اوباما نے بھی اعلان کیا ہے کہ امریکی کانگریس نے اگر ایران کے خلاف فوری طور پر پابندیاں مزید سخت کرنے کے بارے میں کوئی بل پاس کیا تو وہ اسے ویٹو کردیں گے۔

.......

/169