30 جنوری 2014 - 20:30
گلگت، معروف قانون دان شبیر حیدر اور سماجی کارکنان ٹھیکیدار بشارت اور امجد حسین کی ایم ڈبلیو ایم میں شمولیت

صوبائی سیکرٹریٹ گلگت میں ایم ڈبلیو ایم گلگت ڈویژن کے سیکرٹری جنرل مولانا بلال سمائری نے ان کا استقبال کیا اور انہیں ہار پہنا کر مجلس وحدت مسلمین میں شمولیت پر مبارکباد دی۔

ابنا: گلگت کے معروف قانون دان شبیر حیدر، سماجی کارکن ٹھیکیدار بشارت حسین اور معروف سماجی کارکن امجد حسین نے مجلس وحدت مسلمین پاکستان میں شمولیت اختیار کرلی ہے۔ معروف قانون دان شبیر حسین ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے نائب صدر اور صدر کے عہدوں پر فائز رہ چکے ہیں، انکی بار ایسوسی ایشن کیلئے قابل قدر خدمات ہیں۔ موصوف ایک مشہور قانون دان ہونے کے ساتھ ساتھ ایک بہترین سماجی شخصیت بھی ہیں۔ ان تینوں سماجی شخصیتوں نے مجلس وحدت مسلمین پاکستان میں باقاعدہ شمولیت کا اعلان شیخ محمد بلال سمائری سیکرٹری جنرل مجلس وحدت مسلمین گلگت ڈویژن سے ملاقات کے دوران کیا۔ علامہ شیخ محمد بلال سمائری نے ان کی شمولیت کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسے قابل اور دیانت دار سماجی کارکنوں کی مجلس وحدت مسلمین میں شرکت ہمارے لئے باعث افتخار ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایم ڈبلیو ایم گلگت بلتستان کے مظلوم عوام کو ان کے جائز حقوق دلانے کی خاطر پوری توانائی کے ساتھ جدوجہد کرے گی اور اس سلسلے میں گلگت بلتستان کے تمام قابل، ذہین اور مخلص افراد کو اپنے ساتھ ملانے کی بھرپور کوشش کریں گے۔ اس موقع پر معروف قانون دان شبیر حیدر، بشارت حسین اور امجد حسین نے کہا کہ ہم نے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے اس علاقے کے عوام کے جائز حقوق کے حصول کی خاطر اٹھائے جانے والے اقدامات سے متاثر ہوکر اس سیاسی جماعت میں شمولیت کا فیصلہ کیا ہے اور انشاء اللہ گلگت بلتستان کے عوام کے بنیادی حقوق کی خاظر مجلس وحدت مسلمین کے پلیٹ فارم سے بھرپور جدوجہد کریں گے ۔

.......

/169