15 جنوری 2014 - 20:30
اسکردو، ایم ڈبلیو ایم بلتستان کے وفد کی ڈاکٹروں سے ملاقات، ایمرجنسی بند نہ کرنیکی اپیل

ایم ڈبلیو ایم کے وفد نے پی ایم اے کے رہنمائوں سے تفصیلی بریفنگ لی اور گفت و شنید کے بعد انکے احتجاج کو حق بجانب قرار دیا اور ڈاکٹروں کو یقین دہانی کرائی کہ انکے مطالبات کی منظوری کیلئے مجلس بھرپور کردار ادا کرے گی۔

ابنا: مجلس وحدت مسلمین پاکستان بلتستان ڈویژن کے سیکرٹری جنرل علامہ آغا علی رضوی نے ایک وفد کے ہمراہ ڈسٹرکٹ ہسپتال اسکردو کا دورہ کیا، جہاں ڈاکٹروں کیجانب سے کئی روز سے جاری ہڑتال اور احتجاج کے بارے میں تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن بلتستان کے رہنمائوں اور دیگر ملازمین سے تفصیلی بریفنگ لی اور مختلف سوالات کے بعد انکے احتجاج کو حق بجانب قرار دیا اور ڈاکٹروں کو یقین دہانی کرائی کہ ان کے جائز مطالبات کی منظوری کے لیے مجلس وحدت مسلمین بھرپور کردار ادا کرے گی اور صوبائی و مرکزی سطح پر وفاقی و صوبائی حکومت سے مطالبات کی منظوری کے لیے بھرپور جدوجہد کرے گی۔

ایم ڈبلیو ایم پاکستان بلتستان ڈویژن کے سیکرٹری جنرل علامہ آغا علی رضوی نے ڈاکٹرز سے گزارش کی کہ حالات کی نزاکت کو مدنظر رکھتے ہوئے سخت اقدامات سے گزیر کریں۔ انہوں نے ڈاکٹرز کو اپنے احتجاج میں نرمی لانے اور احتجاج کو سلسلہ وار بتدریج آگے بڑھانے کو کہا اور کہا کہ اس سلسلے میں مجلس وحدت مسلمین ڈاکٹروں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور ضرورت پڑی تو ملکر احتجاج کریں گے۔ انہوں نے شیڈیول کے مطابق احتجاجاََ ایمرجنسی بند کرنے کے فیصلے پر نظرثانی اور پروسپونڈ کرنے کی گزارش کی اور کہا کہ ایمرجنسی کو بھی بند کرنا غریب عوام کے لیے شدید مشکلات کا باعث بنے گا، لہٰذا اس معاملے میں صبر و تحمل سے کام لیں اور چند روز مزید ایمرجنسی بند کرنے سے گریز کریں۔ ڈاکٹروں نے صوبہ بھر میں جاری اس احتجاج پر نظرثانی کرنے کی یقین دہانی کرائی۔

.......

/169