1 جنوری 2014 - 20:30
علامہ اعجاز بہشتی:ہمارے شہداء ہماری عزت ہیں، انکی یاد کو ہمیشہ زندہ رکھیں گے

شہداء کی مجلس سوئم سے خطاب میں ایم ڈبلیو ایم کے رہنما کا کہنا تھا کہ پاکستان میں بسنے والے تمام شیعیان اہلبیت (ع) اپنے شہداء کے نقش قدم پر چلتے ہوئے کربلا کے راستے کو ہمیشہ زندہ رکھیں گے اور اس راہ میں ہر قسم کی قربانی دینگے۔

ابنا: ہمارے شہداء ہماری عزت ہیں، ہم ان کی یاد کو ہمیشہ زندہ رکھیں گے، شہید عالم ہزارہ، شہید صفدر عباس اور شہید سید علی شاہ کا بے گناہ خون انشاءاللہ ضرور رنگ لائے گا اور لسانی دہشت گرد دنیا بھر میں تنہائی کا شکار ہوکر رسوا ہوں گے۔ ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنما علامہ اعجاز حسین بہشتی نے مغل ہزارہ گوٹھ کراچی میں ایم ڈبلیو ایم کے شہید ہونے والے بلدیاتی امیدواروں کی مجلس سوئم کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ شہداء نے اپنے خون کے ذریعے ہمارے لئے راستہ فراہم کیا ہے، یہ وہ راستہ ہے کہ جس کا مرکز و محور کربلا ہے، انشاءاللہ پاکستان میں بسنے والے تمام شیعیان اہل بیت (ع) اپنے شہداء کے نقش قدم پر چلتے ہوئے کربلا کے راستے کو ہمیشہ زندہ رکھیں گے اور اس راہ میں ہر قسم کی قربانی دیں گے۔

علامہ اعجاز بہشتی کا مزید کہنا تھا کہ سانحہ راولپنڈی کے بعد دشمن نے سازش کی ہمیں اہل سنت کے ساتھ دست و گریباں کیا جائے لیکن ہم علامہ ناصر عباس جعفری اور دیگر علماء کو سلام پیش کرتے ہیں کہ جنہوں نے دہشت گردوں کے عزائم کے آگے قیام کرکے ملت جعفریہ کو میدان میں حاضر رہنے کا درس دیا اور یہ ثابت کیا کہ دشمن کی تمام سازشوں کے خلاف پاکستان کے شیعہ و سنی متحد ہیں، جس طرح اہل سنت برادران نے چہلم امام حسین (ع) میں شرکت کرکے تکفیری دہشت گردوں کو مایوس کیا ہے، اس ہی طرح پاکستان بھر کے شیعہ میلاد النبی (ص) کے اجتماعات میں اپنی شرکت سے تکفیریوں کو مایوس کریں گے۔

.......

/169