15 دسمبر 2013 - 20:30
لبنان میں دراندازی کی کوشش کرتے ہوئے ایک اسرائیلی فوجی ہلاک

ایک اسرائیلی فوجی لبنان میں دراندازی کی کوشش کرتے وقت ہلاک ہو گیا ہے۔

ابنا: اتوار کو رات 8:30 بجے لبنان کے سرحدی علاقے میں دراندازی کی کوشش کرنے والے اسرائیلی فوجیوں اور لبنانی فوجیوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میں ایک اسرائیلی درانداز فوجی ہلاک ہو گیا۔

تاہم اسرائیلی فوج کی طرف سے جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا ہے کہ لبنانی سرحد کے نزدیک ایک اسرائیلی فوجی گاڑی پر لبنانی فوجیوں نے فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں اسرائیلی فوجی ہلاک ہو گیا ہے۔

جنوبی لبنان میں تعینات اقوام متحدہ کی فور‎س یونیفل نے کہا ہے کہ اسے سرحد پر ایک سنگین واقعہ کی اطلاع موصول ہوئی ہے۔

یونیفل کے ترجمان اینڈریا ٹینیٹی کا کہنا تھا کہ جو کچھ ہوا ہے ہم اس کی حقیقت جاننے اور حالات کو سمجھنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ یونیفل کے کمانڈر دونوں فریقوں سے رابطے میں ہیں اور تحمل سے کام لینے کی اپیل کر رہے ہیں۔

یاد رہے کہ 2006ء میں اسرائیل نے لبنان کے خلاف جارحیت شروع کی تھی جس کے بعد جنگ بندی کے لیے ثالثی کرتے ہوئے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے قرارداد 1701 تصویب کی تھی، جس میں صہیونی ریاست سے لبنان کی خود مختاری اور علاقائی سالمیت کا احترام کرنے کے لیے کہا گیا تھا۔

سنہ 2009 میں بھی لبنان نے اقوام متحدہ میں اسرائیل کی جانب سے لبنانی علاقائی سالمیت کی خلاف ورزی پر مبنی 7000 دستاویزات پر مشتمل ایک شکایت درج کرائی تھی۔

صہیونی ریاست مسلسل اقوام متحدہ کی قراردادوں اور بین الاقوامی قوانین کو نظر انداز کرتے ہوئے لبنان کی خود مختاری اور علاقائی سالمیت کی خلاف ورزی کرتی رہتی ہے۔

.......

/169