4 دسمبر 2013 - 20:30
پاکستان شیعہ سنی نے ملکر بنایا تھا اور انشاءاللہ ملکر ہی بچائیں گے، علامہ عقیل انجم قادری

شہید علامہ دیدار جلبانی، محافظ شہید سرفراز کے جلوس جنازہ کے شرکاء سے خطاب میں جے یو پی کے مرکزی رہنماء نے کہا کہ کربلا کے ماننے والے موت سے نہیں ڈرتے، حسینی ہر لمحہ شہادت کیلئے آمادہ رہتا ہے۔

ابنا: جمعیت علمائے پاکستان کے مرکزی رہنما علامہ سید عقیل انجم قادری نے کہا ہے کہ حسینیت ہر دور کی یزیدیت کے مقابلے کا درس دیتی ہے۔ ہم نے ہزاروں شہداء کی قربانیاں دیں لیکن کبھی ارض وطن کے خلاف کسی محاذ آرائی کا حصہ نہیں بنے۔ پاکستان شیعہ سنی نے مل کر بنایا تھا اور انشاءاللہ ملکر ہی بچائیں گے۔ محب وطن شہریوں اور علمائے حق کے قتل عام میں مقامی امریکی ایجنٹ ملوث ہیں۔ جمعیت علمائے پاکستان علامہ دیدار جلبانی کی شہادت پر اہل تشیع برادری اور مجلس وحدت مسلمین کے غم میں برابر کی شریک ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مجلس وحدت مسلمین کراچی ڈویژن کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ دیدار علی جلبانی اور انکے محافظ شہید سرفراز بنگش کے جلوس جنازہ کے شرکاء سے نمائش چورنگی پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔ علامہ سید عقیل انجم قادری نے کہا کہ کربلا کے ماننے والے موت سے نہیں ڈرتے، حسینی ہر لمحہ شہادت کے لئے آمادہ رہتا ہے۔ عصر حاضر کی یزیدی قوتوں کو شکست دینے کے لئے حسینی عزم و حوصلے کی ضرورت ہے۔علامہ سید عقیل انجم قادری نے کہا کہ پاکستان میں ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت شیعہ سنی کو آپس میں لڑوانے کی تیاری کی جا رہی ہے، بیدار شیعہ سنی علماء اپنے اتحاد سے ان نادیدہ قوتوں کے عزائم خاک میں ملا دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ علامہ دیدار جلبانی سمیت دیگر بے گناہ شہریوں کے قتل عام میں مقامی داڑھی اور بغیر داڑھی والے استعماری ایجنٹ ملوث ہیں، جن سے ہمیں ہوشیار رہنے کی ضرورت ہے۔ علامہ سید عقیل انجم قادری کا کہنا تھا کہ علامہ دیدار جلبانی کی شہادت نہ فقط اہل تشیع بلکہ تمام اہل وطن کا نقصان ہے، شہید اتحاد بین المسلمین کے عظیم داعی تھے، ان کی قومی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ڈاکٹر صاحبزادہ ابوالخیر محمد زبیر سمیت جمعیت علمائے پاکستان کے تمام کارکنان علامہ دیدار جلبانی کی شہادت پر اہل تشیع برادری اور مجلس وحدت مسلمین کے قائدین اور کارکنان کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔......./169