18 نومبر 2013 - 20:30
السیسی کی جانب سے بحرین میں طاقت کے استعمال کی حمایت

مصر کے وزیر دفاع نے احتجاجی مظاہرین کو کچلنے میں بحرین کی سیکورٹی فورسز کی کارکردگی کی حمایت کی ہے۔

ابنا:  ایران کی تسنیم نیوز ایجنسی نے المصری الیوم کے حوالے سے رپورٹ دی ہے کہ مصر کے وزیر دفاع " عبد الفتاح السیسی " نے قاہرہ کے دورے پر آئے ہوئے بحرین کے وزیر داخلہ " راشد بن عبداللہ آل خلیفہ " کے ساتھ ملاقات میں کہا کہ مصر ، بحرین میں امن و استحکام کی برقراری کے لئے اس ملک کی حمایت کے لئے آمادہ ہے۔ مصر کے وزیر دفاع نے بحرین و مصر کے مشترکہ مفادات و تاریخی بندھنوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ مصر ، بحرین کی ہر طرح کی مدد کے لئے تیار ہے۔ دوسری جانب بحرین کے وزیر داخلہ نے ، اپنے ملک کی حمایت پر مبنی مصر کے موقف کو سراہا ہے۔ یاد رہے کہ بحرین کے وزیر داخلہ نے گذشتہ روز قاہرہ پہنچنے کے ساتھ ہی اپنے مصری ہم منصب میجر جنرل " محمد ابراہیم " سے دونوں ملکوں کے درمیان مشترکہ سیکورٹی مسائل کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا۔ یہاں پر اس بات کا ذکر بھی ضروری ہے کہ بحرین وہ پہلا ملک ہے جس نے مصر کے معزول صدر " محمد مرسی " کی برطرفی کے بعد ، مصر کی عبوری حکومت کو سرکاری طور پر تسلیم کیا ہے۔ مصر کے وزیر دفاع کی جانب سے آل خلیفہ حکومت کی بھر پور حمایت کا اعلان ایسی صورت حال میں سامنے آیا ہے کہ بحرین کے عوام اپنے ملک میں آزادی اظہار اور سیاسی اصلاحات کی انجام دہی کے لئے 2011 سے پر امن احتجاجی مظاہرے کررہے ہیں اور بحرین کی آل خلیفہ حکوت نے سعودی عرب کی سیکورٹی فورسز کی حمایت کے ساتھ عوامی احتجاجات کو کچلنے کے لئے وحشیانہ اقدامات انجام دیئے ہیں اور اس ملک کے سیکڑوں پر امن عوام کو خاک و خون میں غلطاں کیا ہے، اور ابھی بھی ہزاروں بحرینی انقلابی بحرین کی جیلوں میں قید ہیں۔ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۲۴۲