ابنا: سوریا الان نیوز ایجنسی کے مطابق امریکی جریدے فارین پالیسی نے ایک رپورٹ میں فاش کیا ہے کہ سعودی عرب نے شام میں سرگرم عمل دہشتگردوں کی ٹریننگ اور بشار اسد کی حکومت کا تختہ پلٹنے کے لئے پاکستانی فوجیوں کی خدمات حاصل کی ہیں۔ اس امریکی جریدے کے مطابق سعودی عرب اور امریکہ کے درمیان اختلاف اور سعودی عرب کے اس یقین کے بعد کہ امریکہ، شام کے تعلق سے اپنا موقف بدل چکا ہے اور باراک اوبامہ بشار اسد کی حکومت کا خاتمہ کرنے کےلئے کوئي موثر اقدام نہيں کریں گے، سعودی عرب نے اکیلے کام کرنا شروع کردیا ہے اور وہ دہشتگردوں کی ٹریننگ کے لئے پاکستانی فوجی افسروں سے کام لے رہا ہے۔ اس رپورٹ کے مطابق سعودی عرب نے اردن، امارات اور فرانس کی مدد سے پانچ سے دس ہزار دہشتگردوں کوٹریننگ دے کر شام کےلئے تیار کرلیا ہے اور ان دہشتگردوں کو پاکستان کی سرزمین پر ٹریننگ دی جارہی ہے۔ امریکی جریدے فارین پالیسی کے مطابق سعودی عرب، شام کی حکومت کے خلاف چالیس سے پچاس ہزار افراد پر مشتمل فوج تیار کرنا چاہتا ہے اور ان اقدامات سے پتہ چلتا ہےکہ سعودی عرب امریکہ کی مدد کے بغیر ہی شام کے خلاف میدان میں اتر آیا ہے اور شام میں اپنے مخاصمانہ منصوبوں پر عمل کرنا چاہتا ہے۔ ادھر اطلاعات ہیں کہ سعودی عرب اور امریکہ کے اختلافات ریاض اور اسلام آباد کے تعلقات میں تقویت کا سبب بنے ہیں چنانچہ سعودی عرب نے پاکستان کے ایٹمی پروگرام میں سرمایہ کاری شروع کردی ہے۔
.......
/169