4 نومبر 2013 - 20:30
عباس عراقچی: ایٹمی مذاکرات کے بارے میں ایرانی مذاکرات کار کا بیان

گروپ پانچ جمع ایک کے ساتھ اسلامی جمہوریۂ ایران کی ایٹمی مذاکرات کار ٹیم کے سینئر رکن نے کہا ہے کہ ایٹمی مذاکرات میں آخری اورحتمی فیصلہ ، فریقین کے وزرائے خارجہ کریں گے۔

ابنا: جناب عباس عراقچی نے ایرانی اخبار ہم شہری سے گفتگو میں اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ ایران اور گروپ پانچ جمع ایک کے مذاکرات کے لئے ماہرانہ سطح پر مزید جائزے کی ضرورت ہے، امید ظاہر کی کہ مذاکرات کے نئے دور ، دونوں طرف کے وزارائےخارجہ کی سطح پر منعقد ہوں گے۔جناب عراقچی نے گروپ پانچ جمع ایک کے ساتھ ایٹمی مذاکرات میں ایران کے طرز عمل کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ایران کی ایٹمی سرگرمیوں کے پرامن ہونے کے پیش نظر " ایک غیرضروری بحران کے خاتمے اور ایک نئے افق کے آغاز " کے عنوان سے ایٹمی مذاکرات کے نئے دور کا آغاز ضروری ہے ۔ بین الاقوامی اور قانونی امورمیں ایران کے نائب وزیر خارجہ نے ایران کے بارے میں مغربی ملکوں خاص طور پر امریکہ کی  دشمنانہ پالیسیوں کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ مغربی ممالک نے نہ صرف ملت ایران کے ایٹمی حقوق کا احترام نہیں کیا  بلکہ انہوں نے ایرانی عوام کے خلاف دباؤ اور پابندیاں بھی شدید کردی ہیں ۔ قابل ذکر ہے کہ ایران اور گروپ پانچ جمع ایک کے ایٹمی مذاکرات کا اگلا دورسات اور آٹھ نومبر کو جنیوامیں منعقد ہوگا۔

.......

/169