22 اکتوبر 2013 - 20:30
ایران نے شامی بحران کے سیاسی حل کی کوششوں کی تعریف کی

ایران کے ایک اعلی اہلکار کا کہنا ہے کہ یہ بات حوصلہ افزا ہے کہ شام مخالف گروہ نام نہاد فرینڈس آف سیریا کے اجلاس میں شامی بحران کے سیاسی حل کی اہمیت پر زور دیا گیا ہے۔

ابنا: افریقی اور عرب امور کے لیے ایران کے نائب وزیر خارجہ امیر عبداللہیان نے منگل کے روز لندن میں منعقد ہونے والے شام مخالف اتحادی تنظیموں اور نام نہاد فرینڈس آف سیریا کے وزراء خارجہ کے اجلاس کے بعد یہ بیان دیا۔

اس اجلاس کا مقصد شام مخالف اتحادی تنظیموں کو آیندہ ماہ جنیوا میں ہونے والے امن مذاکرات میں شرکت کے لیے راضی کرنا تھا۔

ایران کے سینئر اہلکار نے مزید کہا کہ ہر کسی کو دہشت گردی، انتہاپسندی اور تکفیریوں کے خلاف لڑائی میں شام کی مدد کرنی چاہیئے۔

امیر عبداللہیان نے کہا کہ شام میں بحران کی شروعات سے ہی ایران نے اس بحران کے سیاسی حل پر زور دیا ہے اور اس عرب ملک میں غیر ملکی حمایت یافتہ دہشت گرد گروہوں کو اسلحہ کی فراہمی بند کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

عبداللہیان نے ایک جامع قومی مذاکرات کے منصوبے کے تحت کسی معاہدے تک پہنچنے کے لئے تمام متعلقہ شامی فریقوں پر زور دیا۔

.......

/169