23 ستمبر 2013 - 20:30
پاکستان: زلزلے کے شدید جھٹکے، سینکڑوں جاں بحق و زخمی

پاکستان کے جنوبی علاقوں میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کئے گئے ہیں،جس کے نتیجہ میں 50 سے زیادہ افراد کے جاں بحق ہونے اور سینکڑوں افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔

ابنا: محکمہ موسمیات کے مطابق ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت 7.7 ریکارڈ کی گئی جس کا مرکز  شام 4 بج کر29 منٹ پر محسوس کئے جانے والے زلزلے کے جھٹکوں کا مرکز زیر زمین 23کلو میٹر گہرائی میں بلوچستان کے علاقے دالبندین سے145 کلومیٹر جنوب مغرب میں تھا۔زلزلے سے خوفزدہ لوگ دفاتر اور گھروں سے باہر آگئے۔ جن علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے ان میں کراچی،حیدر آباد ،لاڑکانہ ،سکھر،نواب شاہ، ٹھٹھہ، خیرپور ، ٹنڈو محمد خان،پڈعیدن،ہنگورجہ، رسول آبادجبکہ بلوچستان کے علاقے تربت ،گوادر ،کوئٹہ ،سبی ،دالبندین،مستونگ،قلات،سوراب،پنجگور،جعفر آباد اور نصیر آبادخضداراوراس سے ملحقہ علاقے شامل ہیں ۔ امریکی جیو لوجکل سروے کے مطابق زلزلے کی شدت 7.8 تھی، جبکہ زلزلے کے بعد آفٹر شاکس بھی آئے جس کی شدت 5.9تھی ۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر آواران کے مطابق آواران کے علاقے لباج میں زلزلے کے جھٹکوں سے کچے مکانات کو نقصان پہنچا ہے اور متعدد مکانات منہدم ہو گئے ہیں، علاقے میں امدادی کاروئیاں جا ری ہیں۔ آواران میں مواصلاتی نظام مکمل طور پر تباہ ہو چکا ہے۔ زلزلے سے متعدد مکانات اور دکانیں زمین بوس ہو گئیں ہیں۔ زلزلہ متاثرین کی مدد کے لئے کوئٹہ سے ٹیمیں روانہ کر دی گئیں ہیں۔ ضلع بھر میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔ ادھر تربت سے بھی متعدد افراد کے جاں بحق ہونے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔ تربت کے علاقے داندار میں تمام مکانات زمین بوس گئے ہیں۔ ڈپٹی کمشنر گوادر کے مطابق گوادر کی تحصیل پسنی میں زلزلے سے کچے مکانات گرنے کی اطلاع ہے۔ زرائع کے مطابق کچے مکانات کے ملبے تلے دب جانے کی وجہ سے ہلاکتوں میں مزید اضافہ کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ پاکستان آرمی کے ترجمان کے مطابق 200 اہلکاروں پر مبنی ایک ٹیم متاثرہ علاقوں خضدار اور آواران روانہ کر دی گئی ہیں۔

آواران میں زلزلے سے ہلاکتوں کی تعداد10ہوگئی    کوئٹہ…ضلع آواران میں زلزلے کے بعد مکانات کے ملبے تلے دبی مزید 8 لاشیں نکال لی گئیں، جس کے بعد آوارن میں ہلاکتوں کی تعداد10ہوگئی ۔۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کے مطابق زلزلے کے بعد ضلع آواران میں کئی کچے مکانات کونقصان پہنچا ہے، زلزلے سے مواصلاتی نظام شدیدمتاثر ہوا ۔ علاقے میں ریسکیو ٹیمیں امدادی کام میں مصروف ہیں۔زلزلے سے گرنے والے مکانات میں مزید افراد کی ہلاکت کا خدشہ ہے۔ ڈپٹی کمشنر گوادر کے مطابق گوادر کی تحصیل پسنی میں زلزلے سے کچے مکانات گرنے کی اطلاع ہے۔ ادھر مستونگ، قلات، سوراب، پنجگور، جعفر آباد اور نصیر آباد میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں۔

.....

/169