ابنا: کیمیاوی ہتھیاروں سے متعلق اقوامِ متحدہ کے ادارے نے شامی حکومت کی جانب اپنے کیمیائی اسلحے کے ذخیروں کی ابتدائی فہرست موصول ہونے کی تصدیق کی ہے۔
کیمیاوی ہتھیاروں پر پابندی کی نگران عالمی تنظیم 'او پی سی ڈبلیو' کے عہدیداران کے مطابق شام کی حکومت نے فہرست جمعرات کو جمع کرائی ہے۔
جمعے کو 'وائس آف امریکہ' کو دیے جانے والے ایک انٹرویو میں عالمی تنظیم کے ترجمان مائیکل لوہان نے بتایا کہ انہیں امید ہے کہ شام اپنے کیمیائی اسلحے سے متعلق مزید معلومات رواں ہفتے کے اختتام تک جمع کرادے گا۔
'او پی سی ڈبلیو' کے ترجمان کا کہنا ہے کہ شام کی جانب سے فہرستیں موصول ہونے کے بعد اتوار کو تنظیم کے ایک اجلاس میں اس بارے میں آئندہ کے لائحہ عمل پر غور کیا جائے گا۔
اس سے قبل رواں ہفتے اقوامِ متحدہ کے ماہرین کی ایک رپورٹ میں تصدیق کی گئی تھی کہ شام کے دارالحکومت دمشق کے نواح میں 21 اگست کو کیے جانے والے حملے میں کیمیائی ہتھیار ہی استعمال کیے گئے تھے۔
لیکن واقعے کی تحقیقات کرنے والے عالمی ادارے کے معائنہ کاروں نے اپنی رپورٹ میں حملے کے ذمہ داران کا تعین نہیں کیا تھا۔
.......
/169