25 اگست 2013 - 19:30
کالعدم سپاہ صحابہ کراچی کے ترجمان مولانا اکبر سعید فاروقی فائرنگ سے ہلاک

مولانا اکبر سعید فاروقی احتجاجی ریلی میں شرکت کے بعد اپنی موٹر سائیکل پر واپس جا رہے تھے کہ گھات لگائے قاتلوں نے انہیں سفاری پارک کے قریب نشانہ بنا ڈالا۔

ابنا: کراچی میں سفاری پارک کے قریب اہلسنت والجماعت ﴿کالعدم سپاہ صحابہ﴾ کراچی کے ترجمان مولانا اکبر سعید فاروقی قاتلانہ حملے میں ہلاک ہوگئے۔ انہیں تشویشناک زخمی حالت میں نجی اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔ تفصیلات کے مطابق مولانا اکبر سعید فاروقی احتجاجی ریلی میں شرکت کے بعد اپنی موٹر سائیکل پر واپس جا رہے تھے کہ گھات لگائے قاتلوں نے انہیں سفاری پارک کے قریب نشانہ بنا ڈالا۔ انہیں سر پر دو گولیاں لگیں۔ مولانا اکبر سعید فاروقی کو تشویشناک حالت میں لیاقت نیشنل اسپتال منتقل کیا گیا۔ جہاں وہ دم توڑ گئے۔ مولانا اکبر سعید فاروقی پر قاتلانہ حملے کی خبر پھیلتے ہی کارکنوں کی بڑی تعداد اسپتال پہنچ گئی۔ اسی دوران مشتعل کارکنان نے اسٹیڈیم روڈ پر احتجاج کیا، ٹائر نذر آتش کئے اور شدید ہوائی فائرنگ بھی کی۔ 34 سالہ مولانا اکبر سعید فاروقی کا تعلق پشاور سے تھا۔ وہ طویل عرصے سے مسجد امیر معاویہ اسکاؤٹس کالونی میں امامت اور خطابت کے فرائض انجام دے رہے تھے۔ اہلسنت والجماعت ﴿کالعدم سپاہ صحابہ﴾ کے مرکزی رہنماء مولانا اورنگزیب فاروقی نے واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ واقعہ مناسب سکیورٹی فراہم نہ کرنے کے باعث پیش آیا، حکومت نے دہشت گردوں کو کھلی چھوٹ دے رکھی ہے۔

.......

/169