18 اگست 2013 - 19:30
محمد مرسی کی حکومت بحال اور جنرل سیسی کو پھانسی دی جائے، لیاقت بلوچ

جماعت اسلامی کراچی کے تحت احتجاجی ریلی سے خطاب میں مقررین نے کہا کہ شاہ عبداللہ کی طرف سے مصری شہیدوں کو دہشتگرد قرار دینے کی بات پر عوام دکھی ہیں۔

ابنا: جماعت اسلامی پاکستان کے جنرل سیکریٹری لیاقت بلوچ نے مطالبہ کیا ہے کہ مصر کے معزول صدر ڈاکٹر محمد مرسی کو فی الفور بحال کیا جائے، جنرل سیسی کے خلاف عالمی عدالت میں جنگی جرائم کی بنیاد پر مقدمہ چلایا جائے، مصر کے مظلوم اور نہتے عوام پر فوجی جارحیت اور مظالم بند کئے جائیں۔ میڈیا عوام کے احساسات و جذبات کی ترجمانی کرتے ہوئے مصر کی سنگین صورتحال سے عوام کو بے خبر نہ رکھے۔ انہوں نے کہا کہ اگر صدر مرسی کو بحال نہ کیا گیا اور جنرل سیسی کو پھانسی کی سزا نہ دی گئی تو مشرق وسطیٰ میں ایک ایسی جنگ چھڑ جائے گی جو پوری دنیا کو اپنی لپیٹ میں لے لے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مصر میں فوج کی جانب سے عوام کے قتل عام کے خلاف اور جمہوریت پسند مصری عوام سے اظہار یکجہتی کیلئے جماعت اسلامی کراچی کے تحت نکالی جانے والی ریلی سے آئی آئی چند ریگر روڈ پر خطاب کرتے ہوئے کیا۔ قبل ازیں ریلی کے شرکاء نے آرٹس کونسل سے جنگ کے دفتر تک پیدل مارچ کیا۔ اس موقع پر جماعت اسلامی سندھ کے نائب امیر اسد اللہ بھٹو، امیر جماعت اسلامی کراچی محمد حسین محنتی، سیکریٹری کراچی نسیم صدیقی، نائب امیر کراچی حافظ نعیم الرحمن، مولانا عطاء شیرازی اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔

لیاقت بلوچ نے کہا کہ آج کی ریلی صدر مرسی اور وہاں کے ستم رسیدہ عوام سے بھرپور اظہار یکجہتی کرتی ہے، ہم ان کی استقامت کیلئے دعا کرتے ہیں اللہ کی مدد ان کیلئے ضرور آئے گی کل بھی فرعون نیل میں غرق ہوا تھا اور آج کے فرعون بھی اس دریائے نیل میں غرق ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ مصر کی اسلامی تحریک پوری دنیا کی اسلامی تحریکوں کیلئے ایک رول ماڈل کی حیثیت رکھتی ہے۔ سید قطب کو امام حسن البناء کو شہید کیا گیا، ہزاروں کارکنوں کو شہید کیا گیا۔ انہوں نے قید و بند کی صعوبتیں اٹھائیں اخوان نے لازوال قربانیاں اور شہادت کے نذرانے پیش کئے۔ انہوں نے کہا کہ مصر کے صدر ڈاکٹر مرسی کی حکومت پر شب خون مارا گیا، ان کو گرفتار کیا گیا اور اب ان کے حامیوں اور مصر کے عوام کو فوجی کارروائیوں کا شانہ بنایا جارہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عالمی ضمیر، عالمی حقوق انسانی کے ادارے امریکا اور مغرب کے دہرے معیار پر کیوں خاموش ہیں۔ اگر ڈاکٹر مرسی کو بحال نہ کیا گیا، جنرل سیسی کو سزا نہ دی گئی تو پورے مڈل ایشیا اور عالم عرب میں ایسی جنگ چھڑے گی کہ جس کی لپیٹ میں ساری دنیا آجائے گی۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب کو پوری دنیا کے مسلمان بڑی عزت کی نگاہ سے دیکھتے ہیں لیکن جب شاہ عبداللہ کی طرف سے مصری شہیدوں کو دہشتگرد قرار دینے کی بات پر عوام دکھی ہیں۔ سعودی عرب اس وقت امت سے خود کو دور نہ کرے اور امت مسلمہ سے اپنا رشتہ و تعلق برقرار رکھے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کرپٹ اور امریکا کے غلام حکمرانوں سے نجات حاصل کرنا چاہتے ہیں، پورے عالم اسلام کے عوام جاگ رہے ہیں اور امریکا کی بالادستی کو ہر جگہ چیلنج کیا جارہا ہے، امریکا کے خلاف نفرت بڑھتی جارہی ہے۔

دیگر مقررین نے کہا کہ ہماری جماعتیں جمہوریت کی بالادستی اور فوج کی مداخلت کی بہت بات کرتے ہیں لیکن مصر میں فوج نے جمہوری حکومت کے خلاف جو شب خون مارا گیا اس کے خلاف کوئی آواز اٹھانے کو تیار نہیں۔ اسی طرح ہمارا میڈیا بھی امریکا اور مغرب کے پٹھو ہونے کا کردار ادا کر رہا ہے اور مصر کے سنگین حالات سے عوام کو بے خبر رکھ رہا ہے ہم تمام ٹی وی چینل اور ان کے مالکان سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ عوام کے احساسات و جذبات کی ترجمانی کریں۔ انہوں نے کہا کہ جنرل سیسی مصری فوج اور اسرائیل کے تو ہیرو ہوسکتے ہیں لیکن وہ مصر کے عوام کے قاتل ہیں، مصری فوج کے خلاف صدر مرسی کے حامی جس استقامت اور جواں مردی کا مظاہرہ کر رہے ہیں ہم اور پوری امت مسلمہ ان کو سلام پیش کرتی ہے۔

.......

/169