14 اگست 2013 - 19:30
آٹھ شوال کو یوم عزا منانے پر مراجع عظام کی تاکید

جہان تشیع کے مراجع عظام نے آٹھ شوال، انہدام جنت البقیع کی سالگرد کے موقع پر پوری دنیا میں یوم عزا منانے کی تاکید کی ہے۔

اہلبیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ جہان تشیع کے مراجع تقلید آیت اللہ العظمیٰ صافی گلپائگانی، آیت اللہ العظمیٰ وحید خراسانی اور آیت اللہ العظمیٰ نوری ہمدانی نے اپنے اپنے بیانات جاری کر کے آٹھ شوال ’’یوم انہدام روضہ بقیع‘‘ کو پوری دنیا میں یوم عزا کے طور پر منانے کی تاکید کی ہے۔مراجع عظام تقلید کے بیانات میں اس بات کی طرف اشارہ کیا گیا ہے کہ تکفیری وہابیوں کے ہاتھوں جنت البقیع کے روضے کے انہدام کے دن کو یوم عزا اعلان کر کے تمام مسلمانوں کو اس دن عزا و سوگ منانا چاہیے اور تکفیریوں کے اس وحشیانہ اقدام کی پرزور مذمت کر کے عالم اسلام میں ان کے اسلام مخالف کارناموں کو برملا کرنا چاہیے۔مراجع عظام نے تاکید کی ہے کہ پورے عالم اسلام کو مل کر ان مقدس مقامات پر دوبارہ روضے تعمیر کرنا چاہیے اور اسلام دشمن وہابیوں کے شر سے اسلامی آثار کو محفوظ رکھنے کے لیے جلد از جلد اقدام کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ مکہ و مدینہ میں منہدم کئے گئے اسلامی آثار منجملہ، مقام ولادت رسول اسلام(ص)، مدفن مادر رسول اسلام(ص)، مدفن حضرت ابوطالب(ع)، مدفن حضرت خدیجۃ الکبریٰ(س)، محلہ بنی ہاشم اور صدر اسلام کی دیگر عظیم المرتبت شخصیتوں کے مزاروں کی تعمیر نو کرنا تمام عالم اسلام کا فرض ہے۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۲۴۲