ابنا: امریکی وزیرِ خارجہ جان کیری اور پاکستان کے وزیراعظم کے خارجہ امور اور قومی سلامتی کے خصوصی مشیر سرتاج عزیز نے اسلام آباد میں ایک مشترکہ پریس کانفرنس میں اسٹراٹیجک مذاکرات بحال کرنے پر اتفاق کرنے کا اعلان کیا ہے امریکی وزیر خارجہ نے کہا کہ ڈرون حملوں کا سلسلہ جاری رہےگا۔۔
سرتاج عزیز کے مطابق پاکستان امریکہ کے ساتھ بہتر تجارتی تعلقات کا خواہاں ہے۔ اس سلسلے میں انہوں نے کہا کہ پاکستان امریکی مارکیٹوں تک بہتر رسائی اور براہِ راست امریکی سرمایہ کاری بھی چاہتا ہے۔
ڈرون حملوں کے حوالے سے سرتاج عزیز نے پاکستان کے موقف کی تائید کرتے ہوئے کہا کہ یہ نہ صرف پاکستان کی خود مختاری کی خلاف ورزی ہے بلکہ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں نقصان دے بھی ثابت ہوئے ہیں۔
ادھر امریکی وزیرِ خارجہ کا کہنا تھا کہ امریکہ کے دشمنوں کے خلاف ڈرون حملے جاری رہیں گے اور صدر اوباما دہشتگردوں کے خلاف براہِ راست امریکی کارروائیوں کے حوالے سے ایک واضح اور جوابدہ پالیسی پیش کر چکے ہیں، تاہم دونوں ممالک کے خدشات کو پیشِ نظر رکھتے ہوئے بات چیت جاری ہے۔
پریس کانفرنس سے پہلے امریکی وزیرِ خارجہ نے پاکستان کے وزیرِ اعظم محمد نواز شریف، برّی فوج کے سربراہ اشفاق پرویز کیانی، ڈی جی آئی ایس آئی اور دیگر قیادت سے ملاقات بھی کی تھی۔
.......
/169