25 جولائی 2013 - 19:30
ایس یو سی کی جانب سے سکھر میں دہشتگردی کی شدید الفاظ میں مذمت

مذمتی بیان میں علامہ واحدی کا کہنا تھا کہ دہشتگردی کے خلاف ٹھوس اقدامات اٹھائے جائیں کیونکہ عوام شدید عدم تحفظ کا شکار ہوگئے ہیں۔

ابنا: شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ عارف حسین واحدی نے سکھر میں ہونے والے دہشت گردی کے واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گرد ملک و قوم اور انسانیت کے دشمن ہیں ان سے کسی قسم کی رعایت نہ برتی جائے، ملک میں اعلٰی افسران سے لے کر عام آدمی تک کسی کی جان محفوظ نہیں، ماہ مبارک میں آگ و خون کی ہولی کھیلنے والوں کا کسی مذہب و مسلک سے تعلق نہیں۔گذشتہ روز سکھر میں سکیورٹی ادارے پر ہونے والے دہشت گردی کے واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف ٹھوس اقدامات اٹھائے جائیں کیونکہ عوام شدید عدم تحفظ کا شکار ہوگئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایک مدت سے ملک کے طول و عرض میں دہشت گردی کا راج ہے اور بڑے بڑے سانحات کے نتیجے میں سینکڑوں معصوم اور قیمتی جانیں لقمہ اجل بن چکی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پورا ملک دہشت گردی کی آگ میں جل رہا ہے، ملک کی اہم تنصیبات سے لے کر مساجد حتیٰ کہ گلیاں بازار بھی ان خونی درندوں کے ہاتھوں سے محفوظ نہیں ہیں۔ علامہ عارف واحدی نے سانحہ میں جاں بحق افراد کے لواحقین و پسماندگان سے دلی تعزیت و ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے مرحومین کی بلندی درجات اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی اور یہ بات زور دے کر کہی کہ ریاست کے ذمہ داران اور قانون و امن و امان کے ضامن اداروں کو اپنا فرض سمجھتے ہوئے ملک سے بدامنی، دہشت گردی، ٹارگٹ کلنگ اور قتل و غارت گری کی لعنت کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لئے ٹھوس اور سنجیدہ اقدامات کرنے چاہئیں۔......./169