21 جولائی 2013 - 19:30
پاکستان کے وفاقی وزیر داخلہ کا کراچی کی صورتحال پر اظہار تشویش

پاکستان کے وفاقی وزیر داخلہ نے کراچی کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔

ابنا: پاکستان کےوفاقی وزیر داخلہ نے کراچی کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ کراچی سے ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثارنے آج کراچی ائیرپورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ڈھیلے ڈھالے انداز میں کراچی کے حالات ٹھیک نہیں ہوسکتے، سندھ حکومت کو ایک ڈیڑھ ماہ ہوگیا حالات میں بہتری نہیں آئی۔چوہدری نثار کا کہنا تھا کہ کراچی آنے کا مقصد وزیر اعلی ، گورنر سندھ اور وفاق سیکیورٹی اداروں کے حکام سے ملاقا ت ہے تاکہ شہر کے امن وامان سے متعلق معاملات سے آگہی ہوسکے۔ ان کا کہنا تھا کہ کراچی کے حالات کا اثر پورے ملک پر پڑتا ہے۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ گورنر راج کا کہیں ذکر نہیں لیکن کراچی کے معاملات اس انداز سے نہیں چلائے جاسکتے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ہر چندکہ چوہدری نثار نے گورنر راج کے نفاذ کی بات نہیں کی لیکن انہوں نے اس قسم کا بیان دیکر حکومت سندھ کو متنبہ کر دیا ہے کہ حالات کو درست کرو ورنہ وفاقی حکومت صوبہ سندھ میں امن و امان کے حوالے سے کوئی بھی اقدام کر سکتی ہے۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۲۴۲