16 جولائی 2013 - 19:30

سانحہ کوئٹہ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے سربراہ اسلامی تحریک نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ دہشتگردوں کو انکے سرپرستوں سمیت بے نقاب کرکے کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔

ابنا: اسلامی تحریک پاکستان کے سربراہ علامہ سید ساجد علی نقوی نے کوئٹہ میں مسجد روڈ پر دہشت گردوں کی فائرنگ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ماہ صیام میں دہشت گردی کے واقعات قابل افسوس ہیں اور ہم بے گناہ انسانوں کے ضیاع پر دلی دکھ کا اظہار کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گرد انسانیت کے ساتھ ساتھ اس ملک کے بھی دشمن اور درندے ہیں، جن کا انسانیت سے دور کا بھی واسطہ نہیں۔ علامہ سید ساجد علی نقوی نے مزید کہا کہ حکومت اس ملک کے پُرامن شہریوں کو تحفظ فراہم کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہوچکی ہے، ہر طرف دہشت گردوں کا راج ہے، حکومت نام کی کوئی چیز نہیں اور ان حالات مین ریاستی اداروں کی خاموشی ملک کے لئے نقصان دہ ہے، اگر ریاستی اداروں نے اپنا کردار ادا نہ کیا تو ملک کی سالمیت خطرہ میں پڑ جائے گی۔ آخر میں انہوں نے واقعہ پر دلی افسوس کا اظہار اور سانحہ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا کہ دہشت گردوں کو ان کے سرپرستوں سمیت بے نقاب کرکے کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔

.......

/169