10 جولائی 2013 - 19:30
حقانی نیٹ ورک آئی ایس آئی اور امریکی سی آئی اے کی مشترکہ تخلیق

پاکستان کی خفیہ ایجنسی آئی ایس آئی کے سابق سربراہ احمد شجاع پاشا نے اعتراف کیا ہے کہ حقانی نیٹ ورک آئی ایس آئی اور امریکی سی آئی اے کی مشترکہ تخلیق ہے۔

ابنا:  پاکستان کی خفیہ ایجنسی آئی ایس آئی کے سابق سربراہ احمد شجاع پاشا نے ایبٹ آباد کمیشن کے سامنے پرویز مشرف، خفیہ ایجنسیوں اور میڈیا سمیت سب پر تنقید کی۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ حقانی نیٹ ورک پاکستانی خفیہ ایجنسی آئی ایس آئی اور امریکی خفیہ ایجنسی سی آئی اے کی مشترکہ تخلیق ہے۔ انہوں نے کہا کہ سابق صدر جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف امریکیوں کے مطالبات کے سامنے فوری اور مکمل طور پر اتنا جھک گئے کہ انہوں نے اپنے ہی عوام پر ڈرون حملوں کیلئے امریکہ کو شمسی ایئر بیس دے دیا۔ انہوں نے کہا کہ ایبٹ آباد کا سانحہ صلاحتیوں کی کمی، کم علمی اور غلط رویئے کا نتیجہ ہے۔ احمد شجاع پاشا نے کہا کہ امریکہ کی جانب سے آئی ایس آئی کو بدنام کرنے کی مہم چلانے کیلئے صحافیوں کو بھاری رشوتیں دی گئیں۔ انہوں نے آئی ایس آئی کی جانب سے بغیر کسی قانونی اجازت کے لوگوں کو گرفتار کرنے کا اعتراف کیا۔ انہوں نے خفیہ ایجنسیوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ تمام خفیہ ایجنسیوں کو ناکامی کا ذمہ دار ٹھرانا چاہیے، کسی بھی ایجنسی نے نائن الیون کے بعد اپنے کام کو درست انجام نہیں دیا۔ واضح رہے کہ حقانی نیٹ ورک طالبان سے منسلک ہے جو بڑے پمیانے پر دہشت گردانہ کارروائیوں میں ملوث ہے۔

.....

/169