ابنا: برطانوی سپریم کورٹ نے بدھ کے روز اپنے فیصلے میں کہا ہے کہ لندن حکومت ایرانی بینک پر پابندی کے سلسلے میں اپنے دعوے کو ثابت کرنے میں ناکام رہی ہے ۔ اس سے پہلے رواں سال کے جنوری میں یورپی یونین کی عدالت بھی بینک ملت پر پابندی کےخلاف فیصلہ دے چکی ہے ۔امریکا اور یورپی حکومتوں نے سن دو ہزار دس میں ایران کے بینک ملت پر اس دعوے کے ساتھ پابندی کا اعلان کیا تھا کہ اس کا تعلق ایران کے ایٹمی پروگرام سے ہے ۔ لیکن یورپی یونین کی عدالت میں یورپی حکومتیں بھی اپنے دعوے کا ثبوت پیش کرنے میں ناکام رہیں اور برطانوی سپریم کورٹ میں لندن حکومت بھی اس بینک کے خلاف اپنے الزام کا ثبوت نہ پیش کرسکی۔برطانوی سپریم کورٹ کے جج جاناتھن سیمپٹیون نے اپنے فیصلے میں کہا ہے کہ حکومت برطانیہ نے ایران کے پرائیویٹ بینک ، بینک ملت پر پابندی لگاکے خودسرانہ ، غیر منطقی اور غلط اقدام کیا ہے ۔برطانوی سپریم کورٹ کا فیصلہ آنے کے بعد بینک ملت کے ترجمان نے روئٹرس سے انٹرویو میں کہا ہے کہ یہ بینک برطانوی حکومت کے خلاف تاوان کا دعوا دائر کرسکتا ہے۔برطانوی حکومت کے ترجمان نے عدالت کے فیصلے پر افسوس ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت عدالت کے فیصلے اور اس بات کا جائزہ لے رہی ہے کہ اس کے کیا نتائج برآمد ہوسکتے ہیں۔دوسری جانب امریکی وزارت خزانہ نے اعلان کیا ہے کہ اس کو برطانوی عدالت کے اس فیصلے پر افسوس ہوا ہے اور وہ سمجھتی ہے کہ عدالت کا فیصلہ غلط ہے ۔ امریکی وزارت خزانہ نے اعلان کیا ہے کہ بینک ملت پر پابندی بدستور باقی ہے اور جو بینک بھی ایران کے اس بینک کے ساتھ لین دین کرے گا، اس کو امریکی مالیاتی سیسٹم تک دسترسی کی اجازت نہیں ہوگی۔حقیقت یہ ہے کہ تمام میدانوں میں ایران کے خلا ف مغرب کی پابندیاں غیر قانونی اور ظالمانہ ہیں اور یقینا ان تمام ظالمانہ پابندیوں کو قانونی راستے سے چیلنج کیا جائے گا۔در اصل امریکا نے ایران پر اقتصادی دباؤ بڑھانے کے لئے مختلف قسم کی غیر قانونی اور خودسرانہ پابندیوں کا اعلان کیا ہے اور یورپی ملکوں پر ان پابندیوں کو مسلط کیا ہے۔یورپی عدالتوں کے علاوہ بہت سے دیگر یورپی ادارے بھی اس نتیجے پر پہنچے ہیں کہ یہ پابندیاں غیر قانونی ہیں جن کی وجہ سے یورپ کے ہاتھ سے ایران کے ساتھ اقتصادی تعاون کے بہت سے مواقع نکل گئے۔ اس کے علاوہ جلد بازی میں ان غیر قانونی امریکی پابندیوں پر عمل کرکے انہیں قانونی مسائل کا بھی سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔یورپ کے بہت سے قانون دانوں اور سیاسی حلقوں کا کہنا ہے کہ بینک ملت پر پابندی کے کیس میں برطانوی سپریم کورٹ کے فیصلے جیسے فیصلوں سے ایران کے خلاف یورپ کی پابندیوں کی پالیسی ناکام ہوسکتی ہے ۔...../169
19 جون 2013 - 19:30
News ID: 431785
برطانيہ کي عدالت عظمي نے ايران کے ملت بينک پر پابندي کو غير قانوني اور خود سرانہ اقدام قرار ديا ہے -