19 جون 2013 - 19:30
شام میں دہشت گردی کو شکست دینے کے لیے صرف وقت درکار ہے

شام کے وزیر اطلاعات عمران الزعبی نے کہا ہے کہ شام میں سرگرم غیر ملکی حمایت یافتہ دہشت گردوں اور مسلح باغیوں کے خلاف شامی فورسز کی فتح کے لیے صرف وقت درکار ہے۔

ابنا: المیادین ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے الزعبی نے کہا کہ شامی فوج پورے ملک میں دہشت گردوں کا تعاقب کرے گی اور انہیں شکست دے گی۔شام کے وزیر نے کہا کہ دہشت گردوں کو شکست دینے اور ملک میں امن و استحکام برقرار کرنے کے لیے شامی افواج کو صرف وقت کی ضرورت ہے۔الزعبی نے واضح کیا کہ دہشت گردی اور بیرونی مداخلت کے خلاف لڑائی آسان نہیں ہے کیونکہ متعدد ممالک سے بڑی تعداد میں دہشت گردوں کو لڑنے کے لیے شام بھیجا جا رہا ہے۔انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ حالیہ دنوں میں لبنان کے بقاع علاقہ پر میزائل فائر کرنے میں شامی حکومت کا کوئی کردار نہیں ہے۔الزعبی نے کہا کہ شام کی سر زمین سے لبنانی علاقوں پر کسی طرح کی کوئی جارحیت نہ ہوئی ہے اور نہ ہو سکتی ہے کیونکہ صیہونی منصوبوں کے خلاف ہماری ایک مشترکہ قومی پالیسی ہے۔14 جون کو امریکہ نے شامی حکومت پر عسکریت پسندوں کے خلاف کیمیائی ہتھیاروں کے استعمال کا الزام لگاتے ہوئے عسکریت پسندوں کو اسلحہ فراہم کرنے کا اعلان کیا تھا اور کہا تھا کہ شامی حکومت نے ریڈ لائن عبور کردی ہے۔تاہم اقوام متحدہ اور دیگر بین الاقوامی اداروں نے امریکی حکومت کے اس دعوے کی تصدیق کرنے سے انکار کر دیا تھا۔مارچ 2011 سے شام میں بحران کے شروع ہونے کے بعد سے اب تلک سکیورٹی فورسز کی بڑی تعداد سمیت تقریبا ترانوے ہزار افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔شامی حکومت کا کہنا ہے کہ مغرب اور اس کے علاقائی اتحادی قطر، سعودی عرب اور ترکی بڑے پیمانے پر عسکریت پسندوں کی حمایت کر رہے ہیں۔...../169