23 مئی 2013 - 19:30
امریکی سفیر کی نواز شریف سے دوسری ملاقات

انتخابات میں کامیابی کے بعد امریکی سفیر کی نواز شریف سے یہ دوسری ملاقات ہے۔

ابنا: پاکستان میں امریکی سفیر رچرڈ اولسن اور بھارتی ہائی کمشنر شرت سبروال نے مسلم لیگ نون کے سربراہ میاں محمد نواز شریف سے ملاقات کی ہے۔ امریکی سفیر نے مسلم لیگ نون کے سربراہ سے رائیونڈ میں ملاقات کی، جس میں باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر محمد نواز شریف کا کہنا تھا کہ ڈرون حملوں کے بارے میں تحفظات ہیں۔ امریکہ سمیت تمام ممالک سے مضبوط تجارتی تعلقات چاہتے ہیں۔ امریکی سفیر نے یقین دھانی کرائی کہ امریکہ پاکستان میں توانائی بحران کے حل میں مدد کے لئے تیار ہے۔ بھارتی ہائی کمشنر شرت سبروال نے بھی میاں محمد نواز شریف سے ملاقات کی۔ نواز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان بھارت سے مضبوط اور برابری کی بنیاد پر تعلقات قائم کرنا چاہتا ہے اور دونوں ممالک کے درمیان تمام مسائل بات چیت کے ذریعے حل ہونے چاہیے۔ بھارتی ہائی کمشنر نے بھی ہمسایہ ممالک کے ساتھ دیرپا تعلقات پر زور دیا۔

دیگر ذرائع کے مطابق امریکی سفیر رچرڈ اولسن اور بھارتی ہائی کمشنر شرت سبھروال نے مسلم لیگ نون کے صدر نواز شریف سے رائے ونڈ میں الگ الگ ملاقات کی۔ امریکی سفیر رچرڈ اولسن اور نواز شریف کی ملاقات میں پاک امریکہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ انتخابات میں کامیابی کے بعد امریکی سفیر کی نواز شریف سے یہ دوسری ملاقات ہے۔ اس سے پہلے بھارتی ہائی کمشنر شرت سبھروال نے نواز شریف سے ملاقات کی۔ جس میں دونوں ملکوں کے تعلقات میں بہتری سے متعلق گفتگو کی گئی۔ نواز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان برابری کی بنیاد پر تمام معاملات مذاکرات کی میز پر حل کرنا چاہتا ہے۔ ملاقاتوں میں میاں شہباز شریف اور سینیٹر اسحاق ڈار بھی شریک تھے۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲