ابنا: پیپلزپارٹی نے وفاق میں اپوزیشن پر بیٹھنے اور سندھ میں حکومت سازی کا فیصلہ کرتے ہوئے 7 نکاتی ایجنڈے کا اعلان کر دیا ہے۔ پارٹی رہنما سینیٹر رضا ربانی کہتے ہیں کہ پیپلزپارٹی گوادر پورٹ اور پاک ایران گیس منصوبے پر پیشرفت کو مانیٹر کرے گی، پیپلزپارٹی کا سینیٹ میں کوئی فارورڈ بلاک نہیں بن رہا۔ پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما رضا ربانی نے کراچی پریس کلب میں پارٹی کے سات نکاتی ایجنڈے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ معاشی شعبے میں آئی ایم ایف کے پیکج، شرائط، قیمتوں پر کنٹرول، روزگار کے مواقع اور برطرفیوں کو مانیٹر کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ صحت اور تعلیم کے شعبے صوبوں کے حوالے کئے ہیں انہیں واپس نہیں لینے دیا جائے گا۔ وسائل پر 50 فیصد وفاق اور 50 فیصد صوبوں کا حق ہے۔ آئل اور گیس کی آمدنی میں 50 فیصد صوبوں کو دیا جائے۔ رضا ربانی نے مزید کہا کہ قومی انسداد دہشت گردی حکمت عملی کے بارے میں مسلم لیگ نون کے منشور میں کچھ نہیں، اس کی وضاحت کی جائے۔ حکومت کو ڈرون حملوں اور افغانستان سے غیرملکی فوجیوں کی انخلا پر حکومتی پالیسی واضح کرنی ہوگی۔ رضا ربانی کا کہنا تھا کہ توانائی کے بحران پر حکومتی دعووں کی مانیٹرنگ کریں گے۔
.......
/169