ابنا: مجلس وحدت مسلمین پاکستان کراچی ڈویژن کے سیکریٹری جنرل علامہ صادق رضا تقوی نے آج کراچی میں ایک پریس کانفرنس میں گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے ملک سے دہشت گردی کے خاتمہ، ملک کو عدم استحکام سے نکالنے اور فرقہ واریت کی آگ کو بجھانے جیسے مقاصد کے ساتھ مجلس وحدت مسلمین پاکستان ملک بھر میں عام انتخابات میں بھرپور حصہ لے رہی ہے اور اسی حوالے سے شہر کراچی میں بھی مجلس وحدت مسلمین نے 12 امیدواروں کو ٹکٹ جاری کر دئیے ہیں جن میں قومی اسمبلی سے پانچ جبکہ صوبائی اسمبلی کی سات نشستوں سے امیدواروں کو نامزد کیا گیا ہے۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کا انتخابات میں حصہ لینے کا واضح مقصد ملک کو دہشت گردی سے نجات دلوانا اور استحکام و قوت بخشنا ہے۔ ہم یہ سمجھتے ہیں کہ بانی پاکستان کی اولادیں ہی پاکستان کو مشکل وقت سے نکال سکتی ہیں کیونکہ قیام پاکستان کے وقت بانیان پاکستان نے قربانیاں دی تھیں اور جب بھی ملک پر مشکل وقت آیا تو بانیان پاکستان کی اولادوں نے صف اول میں آ کر ملک دشمن قوتوں کے خلاف جہاد کیا ہے۔مجلس وحدت مسلمین پاکستان کراچی ڈویژن کے نامزد امیدواروں میں سید علی حسین نقوی (NA-250)، محمد حسین کریمی (NA-252)، سید اصغر عباس زیدی (NA-253)، سید حسن جعفر رضوی (NA-257)، سید محمد علی زیدی (NA-258) جبکہ صوبائی اسمبلی کی نشستوں سے نامزد ہونے والے امیدواروں میں سلمان علی (PS-94)، سید علی انور جعفری (PS-102)، شاکر علی راؤجانی (PS-117)، محترمہ بانو جعفر (PS-118)، محمد حسین جعفری (PS-119)، دیدار علی جلبانی (PS-126) اور سید حسن عباس رضوی (PS-127) شامل ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہر کراچی کو امن کا گہوارہ بنانے، لاقانونیت کا خاتمہ، بھتہ خوری، دہشت گردی، فرقہ واریت سمیت تمام مسائل کے حل کے لئے مجلس وحدت مسلمین کراچی کے نامزد امیدوار انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں تاکہ شہر کراچی کی روشنیوں اور رونقوں کو بحال کیا جائے۔ایم ڈبلیو ایم کراچی کے سیکریٹری جنرل نے کہا کہ ہم آج کی اس پریس کانفرنس کے توسل سے انتخابات سے قبل سیاسی جماعتوں بشمول متحدہ قومی موومنٹ پاکستان، عوامی نیشنل پارٹی، پاکستان پیپلز پارٹی، تحریک انصاف اور جماعت اسلامی سمیت دیگر جماعتوں کے دفاتر پر ہونے والی دہشت گردانہ کاروائیوں کی شدید مذمت کرتے ہیں اور اس دہشت گردی کے نتیجے میں شہید ہونے والے معصوم انسانوں کے لواحقین سے دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں۔ ہم سمجھتے ہیں کہ انتخابات سے قبل سیاسی جماعتوں کے دفاتر اور کارکنوں کو دہشت گردی کا نشانہ بنانا ایک گھناؤنی سازش کا حصہ ہے جس کا مقصد ملک میں عام انتخابات کو ملتوی کروانا اور انارکی پھیلانا ہے۔انہوں نے نگران حکومت سے مطالبہ کیا کہ سیاسی جماعتوں کے امیدواروں اور کارکنوں کو تحفظ فراہم کیا جائے اور دہشت گردی میں ملوث ملک دشمن و اسلام دشمن عناصر کے خلاف آہنے ہاتھوں نمٹا جائے۔ ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ نگران حکومت شہر کراچی میں امن و امان کے قیام اور انتخابات کے بر وقت یقینی ہونے کے لئے مؤثر اور ٹھوس اقدامات کرے۔ ایک طرف شہر کراچی کو طالبان دہشت گردوں سے شدید خطرات لاحق ہیں تو دوسری طرف کراچی میں موجود نوگو ایریاز کے سبب انتخابی مہم کے لئے شدید مشکلات کا سامنا ہے، نگراں حکومت، پولیس، رینجرز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے جلد از جلد نوگو ایریاز کا خاتمہ یقنی بنائے تاکہ تمام سیاسی جماعتوں کو انتخابی مہم آزادانہ طریقے سے چلانے دی جائے۔ان کا کہنا تھا کہ NA-257 اور PS-127 میں مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے کارکنوں کو انتخابی مہم چلانے میں شدید مشکلات کا سامنا ہے چند لوگ جو خود کو متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کا ذمہ دار بتاتے ہیں وہ مجلس وحدت مسلمین کے کارکنوں اور امیدواروں کو قتل کی دھمکیاں دے رہے ہیں، اسی طرح ملیر جناح اسکوائر، جعفر طیار کے علاقوں میں یہی عناصر مجلس وحدت مسلمین کی انتخابی مہم کی وال چاکنگ کو مٹاکر لوگوں کو دھونس دھمکیاں دے رہے ہیں جو کہ شرمناک فعل ہے۔ ہم متحدہ قومی موومنٹ کی قیادت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ نوٹس لیں کہ کون لوگ ہیں جو متحدہ قومی موومنٹ کا نام لے کر علاقوں میں دہشت گردی پھیلا رہے ہیں۔ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم کراچی سمیت پورے ملک میں کسی بھی سیاسی جماعت سے ٹکراؤ نہیں چاہتے لیکن اپنے کارکنوں اور امیدواروں کو دی جانے والی دھونس دھمکیوں پر خاموش نہیں بیٹھیں گے۔ وفاقی وزیر داخلہ، نگراں حکومت، ڈی جی رینجرز، کور کمانڈر کراچی، آئی جی سندھ سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے امیدواروں کو تحفظ فراہم کریں اور امن و امان کی صورتحال کو یقینی بنائیں۔ کراچی میں امن و امان کے قیام اور شفاف الیکشن کے لئے فی الفور پاک فوج کے دستوں کو تعینات کیا جائے تاکہ دہشت گردی کے ناسور سے نمٹا جا سکے۔ نگراں حکومت کا وجود کہیں نظر نہیں آتا، صوبائی نگراں حکومت دہشت گردی کے خاتمے اور شہر کے امن و امان کے قیام کے لئے مؤثر اقدامات برؤے کار لائے، صرف نمائشی بیانات اور اقدامات کے ذریعے سندھ اور شہر کراچی میں امن کا قیام ممکن نہیں، شفاف اور پر امن انتخابات کے لئے شہر میں تمام جماعتوں کو اپنی انتخابی مہم چلانے کی مکمل آزادی ہونی چاہئیے ورنہ شفاف انتخابات کا انعقاد ممکن نہیں۔علامہ صادق رضا تقوی کا کہنا تھا کہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کراچی ڈویژن آج سے باقاعدہ اپنی انتخابی مہم کا آغاز کر رہی ہے اس سلسلے میں کارنرز میٹنگ، جلسے، جلوس اور عوام کی بیداری کا عمل شروع کیا جائے گا تاکہ پاکستان کے استحکام اور ترقی کے لئے محب وطن قوتوں اور بانی پاکستان کی اولادوں کو انتخابات میں ووٹ دے کر کامیاب کرایا جائے۔ ہم امید کرتے ہیں کہ پاکستان کے عوام دہشت گردی کے تمام تر خطرات کے باوجود محب وطن قوتوں کو انتخابات میں ووٹ کی طاقت کے ذریعے کامیاب کرائیں گے تاکہ ملک میں تبدیلی کے سفر کا آغاز کیا جا سکے اور پاکستان کو ایک مستحکم اور خود مختار ملک بنایا جا سکے۔ ہم یہاں پر اہلیان کراچی کے بھی نہایت شکر گزار ہیں کہ جنہوں نے مجلس وحدت مسلمین کے انتخابات میں حصہ لینے کے فیصلے کی حمایت کی۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۲۴۲
25 اپریل 2013 - 19:30
News ID: 413113
ملک سے دہشت گردی کے خاتمہ، ملک کو عدم استحکام سے نکالنے اور فرقہ واریت کی آگ کو بجھانے جیسے مقاصد کے ساتھ مجلس وحدت مسلمین پاکستان ملک بھر میں عام انتخابات میں بھرپور حصہ لے رہی ہے