2 اپریل 2013 - 19:30

اسلامی تحریک پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل اور پارلیمانی بورڈ کے نائب سربراہ مولانا عارف حسین واحدی نے کہا ہے کہ عام انتخابات میں بھرپور حصہ لیں گے، سیاسی اتحاد کا فیصلہ مناسب وقت پر کرینگے، فی الوقت کسی بھی سیاسی جماعت سے سیٹ ایڈجسٹمنٹ کا حتمی فیصلہ نہیں کیا۔

ابنا: اسلامی تحریک پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل اور پارلیمانی بورڈ کے نائب سربراہ مولانا عارف حسین واحدی نے منگل کے روز انتخابات میں حصہ لینے کی خواہش مند سیاسی شخصیات سے ملاقات میں کہا ہے کہ عام انتخابات میں بھرپور حصہ لیں گے، سیاسی اتحاد کا فیصلہ مناسب وقت پر کرینگے، فی الوقت کسی بھی سیاسی جماعت سے سیٹ ایڈجسٹمنٹ کا حتمی فیصلہ نہیں کیا، نگران حکومت غیر جانبدار اور شفاف انتخابات کے انعقاد کیلئے ملک میں امن وامان کی صورتحال کو یقینی بنائے اور اپنا مثبت کردار ادا کرے۔  انہوں نے کہاکہ ہماری جماعت عام انتخابات میں بھرپور حصہ لے رہی ہے، کارکنان بھرپور تیاری کریں اور عوام میں حق رائے دہی کے صحیح استعمال بارے آگاہی فراہم کریں تاکہ ٹرن آؤٹ بہتر ہوسکے۔ انہوں نے کہاکہ مختلف سیاسی جماعتیں سیاسی اتحاد اور سیٹ ایڈجسٹمنٹ کیلئے رابطے میں ہیں اور مختلف سیاسی جماعتوں سے مسلسل مذاکرات جاری ہیں البتہ کسی بھی جماعت سے انتخابی اتحاد کا فیصلہ نہیں کیاگیا ملکی مجموعی صورتحال کو سامنے رکھ کر جلد ہی سیاسی اتحاد کا فیصلہ کرینگے کیونکہ اسلامی تحریک پاکستان ہی ملت تشیع کی واحد نمائندہ جماعت ہے۔اس موقع پر انہوں نے کہا کہ ملک میں ہمیشہ اتحاد وحدت کے داعی رہے ہیں، متحدہ مجلس عمل اور ملی یکجہتی کونسل میں ہماری قیادت کا فعال کردار سب کے سامنے ہے۔ انہوں نے کہاکہ جمہوریت کے تسلسل اور مثبت تبدیلی کیلئے عام انتخابات کا پرامن انعقاد ضروری ہے شفاف، غیر جانبدارانہ انتخابات کیلئے ضروری ہے کہ نگران حکومتیں اپنا کردار ادا کرتے ہوئے ملک کو درپیش مسائل خصوصاً امن وامان کی صورتحال کو بہتر بنانے کیلئے ٹھوس حکمت عملی اپنائیں۔ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔/242