21 مارچ 2013 - 20:30

نوشہرہ بم دھماکے پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے ملی یکجہتی کونسل کے قائمقام صدر نے اپنے بیان میں کہا کہ دہشتگردوں کے خاتمہ تک ملک میں حقیقی معنوں میں امن و امان قائم نہیں ہوسکتا۔

ابنا: علامہ سید ساجد علی نقوی نے نوشہرہ مہاجر بازار میں بم دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشتگردوں کے خاتمہ تک ملک میں حقیقی معنوں میں امن و امان قائم نہیں ہوسکتا، قانون نافذ کرنے اور امن و امان قائم رکھنے کے ذمہ دار اداروں کو دہشتگردی کے خاتمہ کیلئے مخلصانہ کوششیں کرنا ہونگی۔ انہوں نے کہا کہ جدید معلومات کو سامنے رکھتے ہوئے انٹیلی جنس اداروں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے ملک دشمن عناصر اور دہشتگردوں کیخلاف سخت کارروائی کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلاتفریق تمام مجبوریوں کو بالائے طاق رکھتے ہوئے ملک کو کمزور کرنے والے، بےگناہ عوام کے قاتلوں اور دہشتگردوں کی نشاندہی کرتے ہوئے ان کیخلاف ٹارگٹڈ آپریشن کیا جائے اور انہیں سخت سزا دی جائے۔ انہوں نے بم دھماکے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے ان کی مغفرت اور پسماندگان کیلئے صبر جمیل اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔...../169