21 مارچ 2013 - 20:30

ملاقات میں صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستان ایران کے ساتھ توانائی سمیت دیگر مشترکہ منصوبوں پر فوری عملدرآمد کے عزم پر قائم ہے اور کسی بھی رکاوٹ کو اس تعاون کی راہ میں حائل نہیں ہونے دیا جائیگا۔اشک آباد، پاکستان اور ایران کے صدور کی ملاقات، دوطرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اظہار

ابنا: پاکستان اور ایران کی قیادت نے دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے پر زور دیا ہے۔ صدر آصف علی زرداری نے ایرانی ہم منصب احمد ی انژاد سے نوروز کے چوتھے عالمی میلے کے موقعے پر اشک آباد میں ملاقات کی۔ ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور ایران کے درمیان تعلقات مزید فروغ دینے کے عزم کا اظہار کیا۔ ملاقات میں صدر آصف زرداری نے کہا کہ پاکستان ایران کے ساتھ توانائی سمیت دیگر مشترکہ منصوبوں پر فوری عملدرآمد کے عزم پر قائم ہے اور کسی بھی رکاوٹ کو اس تعاون کی راہ میں حائل نہیں ہونے دیا جائیگا۔ اس موقعے پر ایرانی صدر ڈاکٹر محمود احمدی انژاد نے پاکستان اور ایران کے درمیان ثقافتی ہم آہنگی کا حوالہ دیا اور کہا کہ تہران اور اسلام آباد مختلف شعبہ جات میں اپنی متعدد ضروریات باہمی تعاون سے پوری کرسکتے ہیں۔دیگر ذرائع کے مطابق صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ ہمسایہ ممالک کو گیس کی ترسیل کیلئے محفوظ راہداری دینے کو تیار ہیں، پاکستان خطے و پڑوسی ممالک سے بہترین تعلقات کا خواہاں ہے، مشترکہ کوششوں سے ہی خطے میں خوشحالی لائی جاسکتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وسط ایشیا کے قدرتی وسائل کی برآمد کیلئے بھی راہداری فراہم کرنے کے خواہاں ہیں۔ ترکمانستان میں بین الاقوامی نوروز کانفرنس سے خطاب اور ایرانی صدر محمود احمدی نژاد سے ہونیوالی ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے صدر مملکت آصف زرداری نے کہا کہ ہمیں تجارت کے فروغ کیلئے روابط میں اضافہ کرنا ہوگا، گوادر بندرگاہ پر وسط ایشیاء کی ریاستوں کو یورپ تک بہترین رسائی فراہم کرتی ہے، پاکستان وسط ایشیاء کے قدرتی وسائل کی برآمد کیلئے راہداری فراہم کرنا چاہتا ہے، صدر مملکت نے کہا کہ ہمیں تجارت کے فروغ کیلئے سڑک، ریل اور فضائی رابطوں میں اضافہ کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ نوروز امن برداشت اور بھائی چارے کی علامت ہے، عالمی رہنماؤں کا اشک آباد میں اکٹھا ہونا مشترکہ ورثے کی علامت ہے۔...../169