ابنا: مصر کے صدر محمد مرسی اعلٰی سطحی وفد کے ہمراہ ایک روزہ سرکاری دورے پر پاکستان پہنچ گئے۔ مصری صدر، صدر مملکت آصف علی زرداری کی دعوت پر پاکستان کا دورہ کر رہے ہیں۔ باون برس میں پاکستان کا دورہ کرنے والے وہ پہلے مصری صدر ہیں۔ ان سے قبل انیس سو ساٹھ میں صدر جمال عبدالناصر نے پاکستان کا دورہ کیا تھا۔ مصری صدر، صدر زرداری سے ون ٹو ون ملاقات کریں گے۔ صدر مملکت مصری صدر اور ان کے ساتھ آئے وفد کے اعزاز میں استقبالیہ بھی دیں گے۔ دونوں ممالک کے صدور کے درمیان ملاقات میں عالمی اور خطے سمیت باہمی امور سمیت اہم معاملات پرتبادلہ خیال ہوگا۔ مصرکے صدر کے دورہ کے موقع پردونوں ممالک کے درمیان آٹھ مختلف معاہدے کئے جائیں گے۔ مصر کے صدر کی آمد پر انھیں اکیس توپوں کی سلامی دی جائے گی، جبکہ ایوان صدر پہنچنے پر انہیں گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا۔
دیگر ذرائع کے مطابق مصر کے صدر ڈاکٹر محمد مرسی پاکستان کے دورے پر اسلام آباد پہنچ گئے۔ 39 سال بعد کسی مصری صدر کا یہ پہلا دورہ پاکستان ہے۔ مصری صدر کا استقبال سینٹر مشاہد حسین سید اور عرب ممالک کے سفیروں نے کیا۔ مصری صدر اپنے پاکستانی ہم منصب کی درخواست پر پاکستان کا دورہ کر رہے ہیں۔ دونوں رہنما دوطرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے بین الاقوامی امور پر تفصیلی مذاکرات کرینگے۔ دونوں صدور معاونوں کے بغیر اور بعد میں وفدوں کی سطح پر بات چیت کریں گے۔ مصر کے صدر کے دورے کے موقع پر دونوں ملکوں کے درمیان 8 سمجھوتوں پر دستخط ہوں گے۔ وہ پاکستان کے دورے پر آنے والے مصر کے پہلے سویلین جمہوری منتخب صدر ہیں۔ واضح رہے کہ مصری صدر انور سادات لاہور میں ہونے والی دوسری اسلامی سربراہی کانفرنس میں شرکت کے لیے 1974ء میں پاکستان آئے تھے۔
.....
/169