5 مارچ 2013 - 20:30

اسلامی جمہوریہ ایران کے ایٹمی ادارے کے سربراہ نے کہا ہے ایران مختلف سائنسی اور ٹکنالوجیکل میدانوں بالخصوص ایٹمی شعبے میں ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔

ابنا:  فریدون عباسی نے آج کابینہ کے اجلاس کے بعد کہا کہ ملت ایران کی استقامت نے پابندیوں کوناکارہ بنادیا ہے اور پابندیوں کے باوجود بھی پرامن ایٹمی پروگرام جاری ہے اور نئي ایٹمی کامیابیوں کا آئندہ دنوں میں اعلان کیا جائے گا۔ انہوں نے اس سوال کے جواب میں کہ مغربی ممالک آخر کس وجہ سے پارچین فوجی سائٹ کے معائنے پر اصرار کررہے ہیں کہا کہ پارچین ایٹمی سائٹ نہیں ہے اور اگر انہیں اس سائیٹ کا معائنہ کرنا ہے تو اپنے دعووں کو ثبوت کے ساتھ پیش کرنا ہوگا۔ فریدون عباسی نے کہا کہ مغربی ممالک برسوں سے مختلف بہانوں سے ایران کے پرامن ایٹمی پروگرام کونشانہ بنارہے ہیں اور غیر مربوط مسائل سے اسے جوڑنے کی کوشش کرتے ہیں۔