4 مارچ 2013 - 20:30

اسلامی جمہوریہ ایران نے ایران میں انسانی حقوق کی صورتحال کے بارے میں اقوام متحدہ کے خصوصی رپورٹر کی حالیہ رپورٹ کو بے بنیاد قراردیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ رپورٹ غیر قانونی اور اقوام متحدہ کی ضعیف پوزیشن سے غلط فائدہ اٹھانے کے معنی میں ہے۔

ابنا: اسلامی جمہوریہ ایران کے مرکز برائے انسانی حقوق نے اپنے بیان میں تاکید کی ہے کہ یہ رپورٹ غیر قانونی اور خود مختار ملکوں پر دباو ڈالنے کی ایک کوشش ہے۔ ایران کے مرکز برائے انسانی حقوق نے ایسی رپورٹوں سے غلط فائدہ اٹھائے جانے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ رپورٹ ایران کے خلاف نفسیاتی اور تشہیراتی دباو بڑھانے کا حربہ ہے اور بعض مغربی حکومتوں کے ایماء پر تیار کی گئي ہے۔ اس بیان میں آیا ہے کہ اقوام متحدہ کا خصوصی رپورٹر احمد شہید ایسے عالم میں اسلامی جمہوریہ ایران کو انسانی حقوق کی خلاف ورزی کا ذمہ دار ٹہرارہا ہے جبکہ اس نے علاقے میں مغربی ملکوں اور اسرائيل کے جرائم کی طرف کوئي اشارہ نہیں کیا ہے۔ ایران کے مرکز برائے انسانی حقوق کے بیان میں آیا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران کا واضح اور روشن آئين ہے اور ملک میں نہایت جامع قوانین ہیں جن پر اس طرح کے تشہیراتی ہتھکنڈوں سے حرف نہیں آسکتا۔ واضح رہے کہ اقوام متحدہ کے خصوصی رپورٹر نے  اپنی نئي رپورٹ میں اسلامی جمہوریہ ایران پر انسانی حقوق کی پامالی، آزادئی بیان کی خلاف ورزی اور سیاسی پارٹیوں نیز اقلیتوں کے حقوق پامال کرنے کے الزامات لگائے ہیں ۔ یہ رپورٹ گيارہ مارچ کو اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل میں پیش کی جائے گي ۔ احمد شہید اپنے رپورٹوں کے لئے حکومت مخالف گروہوں، بیرون ملک پناہ لینے والے فتنہ انگيز عناصر، علیحدگي پسند گروہوں اور گمراہ فرقوں نیز دہشتگرد گروہوں سے معلومات حاصل کرتا ہے۔ اسلامی جمہوریہ ایران کے غیر سرکاری افراد اور اداروں نے احمد شہید کو گفتگو کی دعوت دی ہے تاکہ اس کے ذرائع کے بارے میں گفتگو کرسکیں لیکن اس نے مختلف بہانے بنا کر یہ دعوت قبول کرنے سے انکار کردیا ہے۔