26 جنوری 2013 - 20:30

مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکریٹری سیاسیات ناصر عباس شیرازی نے ایک وفد کے ہمراہ سندھ یونائیٹڈ پارٹی کے سربراہ جلال محمود شاہ سے ان کی رہائش گاہ حیدر منزل پر ملاقات کی۔

ابنا: اس موقع پر صوبائی سیکریٹری سیاسیات سندھ اور دیگر راہنما بھی موجود تھے۔ ملاقات میں بلوچستان میں گورنر راج کے نفاذ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ جلال محمود شاہ نے وفد کی آمد پر شکریہ ادا کیا اور بلوچستان میں اسلم رئیسانی کی حکومت کے خاتمے اور گورنر راج کے نفاذ کی حمایت کا اعلان کیا۔اس موقع پر ناصر شیرازی کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں گورنر راج کی مخالفت کرنے والے دراصل دہشت گردوں کی حمایت کررہے ہیں۔ مولانا فضل الرحمان اس وقت کہاں تھے جب کوئٹہ سمیت پورے بلوچستان میں قتل عام جاری تھا، رئیسانی کی ساڑھے چار سالہ حکومت میں تیرہ سو سے زائد بے گناہ افراد کا قتل عام ہوا لیکن جے یو آئی نے اس وقت ان ہاوس تبدیلی کی بات نہیں کی۔ رئیسانی حکومت کا دفاع کرنا اور گورنر راج کی مخالفت کرنا شہداء کے خانوادوں کی تضحیک کے مترادف ہے۔مرکزی سیکریٹری سیاسیات نے اعلان کیا کہ بلوچستان میں امن و امان کی ابتر صورتحال پر 29 جنوری کو کوئٹہ میں کل جماعتی امن کانفرنس کے انعقاد کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سلسلے میں مجلس وحدت مسلمین نے جلال محمود شاہ کو کل جماعتی کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی۔ ۔۔۔۔۔۔۔۔/110