22 جنوری 2013 - 20:30

اسلامی بین پارلیمانی یونین نے اسلامی جمہوریہ ایران کی پرامن ایٹمی سرگرمیوں کی حمایت کی ہے۔

ابنا: رپورٹ کے مطابق سوڈان کے دارالحکومت خرطوم میں اسلامی بین پارلیمانی یونین کے آٹھویں اجلاس کے اختتام پر جاری ہونیوالی قرارداد میں شرکاء نے اسلامی جمہوریہ ایران کی پرامن ایٹمی سرگرمیوں کی حمایت کرتے ہوئے ایران کے ایٹمی سائنسدانوں کے سامراجی ایجنٹوں کے ہاتھوں شہادت کی شدید مذمت کی۔
اجلاس کے شرکاء نے اپنی قرارداد میں ایٹمی توانائی کے پرامن استعمال کےلئے سبھی ممالک کے حق پر زور دیتے ہوئے مشرق وسطی کو عام تباہی پھیلانے والے ہتھیاروں بالخصوص ایٹمی ہتھیاروں سے پاک کرنے کا مطالبہ کیا ۔
اسلامی ممالک کے پارلیمانی اسپیکروں نے اسی طرح صہیونی ریاست کے پاس موجود ایٹم بم کے ذخائر پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے انکی تباہی کےلئے ٹھوس اقدامات اٹھانے کا مطالبہ کیا۔

17 شقوں پر مشتمل اس قرارداد میں 48 اسلامی ممالک کے پارلیمانی اسپیکروں نے اسلامی مقدسات کی شان میں گستاخی کی بھی مذمت کی اور تہذیبوں کے درمیان گفتگو کی ضرورت پر تاکید کی ۔ قرارداد میں بیرونی طاقتوں کی دھمکیوں کے خلاف سوڈان کی حمایت ،مسلمان اقلیتوں کے خلاف دھشتگردی کا مقابلہ،فلسطین کے بارے میں یکساں موقف اپنانا ،شام کی ارضی سالمیت کا تحفظ اور اسلامی اتحاد جیسے مسائل پر بھی تاکید کی گئی ۔
.......

/169