13 جنوری 2013 - 20:30

گورنر راج کے نفاذ کے اعلان پر ایس یو سی کے جنرل سیکرٹری کا کہنا تھا کہ ملت لائق تحسین ہے جس نے ثابت کیا ہے کہ اگر وحدت اور اتحاد کیساتھ میدان میں نکلا جائے تو کامیابیاں مل سکتی ہیں۔

ابنا: شیعہ علماء کونسل کے جنرل سیکرٹری علامہ عارف واحدی نے وزیراعظم کی طرف بلوچستان حکومت کو برطرف کرکے صوبے میں گورنر راج نافذ کرنے کے اعلان پر اظہار اطمینان کرتے ہوئے کہا کہ ہم اللہ تعالٰی کے شکر گزار ہیں کہ اس نے ملت تشیع کو کامیابی سے ہمکنار کیا اور ہمارے تقریباً تمام مطالبات مان لیے گئے ہیں۔ اسلام ٹائمز سے بات کرتے ہوئے علامہ عارف واحدی نے کہا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ ملت لائق تحسین ہے، جس نے ثابت کیا ہے کہ اگر وحدت اور اتحاد کیساتھ میدان میں نکلا جائے تو کامیابیاں مل سکتیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم وزیراعظم کے علمدار روڈ پر آنے اور اطمینان سے مطالبات سننے کو سراہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں امید ہے کہ وفاقی حکومت صوبے میں گورنر راج نافذ کرنے کے بعد کوئٹہ میں ٹارگٹڈ آپریشن کو ہر صورت یقینی بنائے گی اور دہشتگرد عناصر کیخلاف فیصلہ کن کارروائی عمل میں لائی جائیگی۔ علامہ عارف واحدی کا کہنا تھا کہ ہم ملت تشیع کے تمام افراد کے شکر گزار ہیں، جنہوں نے سرد راتوں میں گھر بار اور نرم بستر چھوڑ کر احتجاج کیلئے سڑکوں پر آئے اور دھرنوں کو کامیاب بنایا۔

.....

/169