6 نومبر 2012 - 20:30

نمائش چورنگی پر منعقد ہونے والی نماز جنازہ کی امامت مجلس وحدت مسلمین صوبہ سندھ کے سیکریٹری جنرل علامہ مختار احمد امامی نے کی، جبکہ اس موقع پر علمائے کرام و ذاکرین عظام کی بھی بڑی تعداد موجود تھی۔

ابنا: کراچی میں امریکی پے رول پر پلنے والے دہشت گردوں کی فائرنگ سے شہید ہونے والے علامہ آفتاب حیدر جعفری اور ان کے ساتھی شاہد علی مرزا کی نماز جنازہ ہزاروں سوگواروں کی موجودگی میں ادا کردی گئی۔ تفصیلات کے مطابق مجلس وحدت مسلمین کراچی کے رہنما و معروف ذاکر اہلبیت (ع) علامہ آفتاب حیدر جعفری اور ان کے ساتھی شاہد علی مرزا کی نماز جنازہ میں ہزاروں کی تعداد میں مومنین نے شرکت کی، جبکہ اس موقع پر خواتین کی بھی بڑی تعداد موجود تھی۔ نماز جنازہ کی امامت مجلس وحدت مسلمین صوبہ سندھ کے سیکریٹری جنرل علامہ مختار احمد امامی نے کی جبکہ اس موقع پر شرکائے جنازہ سے علامہ حسن ظفر نقوی، مولانا صادق رضا تقوی، علامہ فرقان حیدر عابدی، علامہ نثار احمد قلندری اور علامہ جعفر سبحانی نے خطاب کیا۔ اس موقع پر علامہ عباس کمیلی، سلمان مجتبٰی، مولانا حیدر عباس، مولانا عقیل موسٰی، مولانا اصغر شہیدی و دیگر علماء بھی موجود تھے۔ بعد ازاں جنازہ کو جلوس کی شکل میں وادی حسین قبرستان لے جایا گیا جہاں دونوں شہیدوں کو آہوں اور سسکیوں کے ساتھ سپرد خاک کیا گیا۔یاد رہے کہ پاکستان کے صوبہ سندھ کے مرکز کراچی کے انتہائی مصروف علاقے صدر میں واقع پارکنگ ایریا میں مسلح دہشتگردوں نے کارروائی کرکے علامہ آغا آفتاب حیدر جعفری اور مرزا شاہد علی کو شہید کردیا تھا۔ شیعہ علماء کونسل پاکستان، جعفریہ الائنس نے واقعے کی مذمت جبکہ مجلس وحدت مسلمین نے تین روزہ سوگ کا اعلان کیا ہے۔ واضح رہے کہ علامہ آغا آفتاب حیدر جعفری کراچی میں شیعہ قومیات کی مناسبت سے ایک جانی پہچانی شخصیت تھے، کوئی احتجاجی مظاہرہ ہو یا پھر کسی تنظیم کا کوئی پروگرام، علامہ آغا آفتاب حیدر جعفری ان پروگراموں کا لازمی حصہ شمار ہوتے تھے۔ آج کراچی میں تمام تنظیمیں اور عوام ایک مخلص، باکردار، نڈر انسان اور عظیم سرمایہ سے محروم ہوگئی ہیں۔...../169