19 ستمبر 2012 - 19:30

صہیونی ریاست نے مشرق وسطی کے علاقے میں اپنے اشتعال آمیز اور مہم جوئي پر مبنی اقدامات کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے شام سے تعلق رکھنے والے جولان کے مقبوضہ علاقے میں وسیع فوجی اقدامات انجام دیۓ ہیں۔

ابنا: صہیونی ذرائع ابلاغ کے مطابق اس حکومت نے جولان کی پہاڑیوں میں وسیع فوجی مشقیں شروع کردی ہیں۔ ان مشقوں کا آغاز صہیونی ریاست کے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف آرمی اسٹاف جنرل بنی گانٹس کے حکم کے ساتھ ہوا۔ ان فوجی مشقوں میں اسرائیلی فوج کے مختلف یونٹ حصہ لے رہے ہیں۔شام سے تعلق رکھنے والے جولان کے مقبوضہ علاقے میں صہیونی ریاست کے فوجی اقدامات سے اس بات کی نشاندہی ہوتی  ہے کہ یہ حکومت مقبوضہ علاقوں میں اپنی پوزیشن مضبوط بنانا اور خطے میں اپنی توسیع طلبی کا دائرہ وسیع تر کرنے کے  درپے ہے۔صہیونی ریاست شام سے تعلق رکھنے والے جولان کے علاقے کو اس کی اسٹریٹیجک حیثیت اور فراوان آبی ذخائر اور زرخیز زمین کے پیش نظر ہمیشہ سے للچائي ہوئي نظروں سے دیکھتی رہی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ عرب ممالک کے ساتھ سنہ انیس سو سڑسٹھ کی جنگ کے دوران اس حکومت نے شام کے علاقے جولان پر قبضہ کر لیا اور اس حکومت کی پارلیمنٹ نے سنہ انیس سو اکیاسی میں اس علاقے کو مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں شامل کرلیا۔یہ ایسی حالت میں ہے کہ جب صہیونی ریاست نے ہمیشہ ڈرانے دھمکانے کی پالیسی اختیار کر کے شام کے عوام اور حکومت کو اپنی تسلط پسندانہ پالیسیوں کے سامنے جھکانےکی کوشش کی ہے۔ لیکن شام کے عوام اور حکام نے ہمیشہ اعلان کیا ہے کہ وہ اپنی سرزمین پر   صہیونی ریاست سمیت  اغیار کے قبضے کے تسلسل کو ہر گز برداشت نہیں کریں گے۔ اسی لۓ شام ہمیشہ صہیونی ریاست کے خلاف استقامت کی فرنٹ لائن پر رہا ہے۔یہ ایسی حالت میں ہے کہ جب اسرائیل شام کے خلاف خوف و ہراس کی پالیسی کے ساتھ ساتھ شام کو کمزور کرنے کے لۓ مختلف سازشوں کو بھی عملی جامہ پہنا رہا ہے۔ شام کو داخلی بحران میں الجھائے رکھنے سے ، کہ جس میں اسرائیل اور مغربی حکومتوں کے ہاتھ نمایاں طور پر دکھائي دیتے ہیں، شام کے خلاف صہیونی ریاست اور اس کے حامیوں کی سازشوں کی گہرائی کا پتہ چلتا ہے۔شام کو اس وقت داخلی بحران کا سامنا ہے لیکن اس کے باوجود شام کے عوام اور حکام نے جولان سے صہیونی ریاست کی پسپائی کی ضرورت پر تاکید کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ وہ شام کے دشمنوں کی سازشوں کی ناکامی تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ ان امور سے اس بات کی نشاندہی ہوتی ہے کہ شام کے عوام صہیونی ریاست اور اس کے حامیوں کی سازشوں اور دھمکیوں سے کبھی بھی مرعوب نہیں ہوئے ہیں۔

.....

/169