ابنا: ہندوستان کے وزیر دفاع اے کے انٹونی نے گذشتہ روز اس ملک کے ایوان بالا راجیہ سبھا میں تحریری جواب میں کہا کہ ہندوستان اور پاکستان نے سیاچن معاملے کو خوش اسلوبی کے ساتھ حل کرنے کا ارادہ کیا ہے تا ہم 11اور 12جون کو اسلام آباد میں دونوں ملکوں کے دفاعی سکریٹریوں کے مابین اس معاملے پر ہونیوالے مذاکرات میں کوئی پیشرفت نہیں ہوسکی۔تحریری جواب میں انہوں نے کہا کہ ان مذاکرات کے دوران اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا گیا کہ سیاچن میں دونوں ملکوں کی افواج اپنی پوزیشنوں پر قائم ہیں لیکن حوصلہ افزا بات یہ ہے کہ وہاں امن قائم ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ 2003میں جموں و کشمیر سرحد پر پاکستان کے ساتھ فائر بندی کی گئی اور تب سے صورتحال بتدریج بہتر ہوتی جارہی ہے۔ ہندوستان کے وزیر دفاع نے اس موقع پر جموں وکشمیر میں تشدد کے واقعات میں کمی آنے کا دعوی کرتے ہوئے تا ہم کہا کہ اگر چہ جموں و کشمیر کے اندرحالات معمول پر آ رہے ہیں لیکن سرحدوں پر دراندازی کا سلسلہ جاری ہے جو کہ ہمارے لئے تشویش کا باعث ہے۔
.....
/169