ابنا: سعید جلیلی نے بغداد میں گروپ پانچ جمع ایک کے ساتھ انجام پانے والے تیسرے دور کے مذاکرات کے بعد جمعرات کی رات پریس کانفرنس سے خطاب کیا۔پریس کانفرنس میں سعید جلیلی نے اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ فریقین نے اپنے مسائل کو شفاف اور واضح طور پر پیش کیا کہا کہ بغداد مذاکرات کا نتیجہ یہ تھا کہ ہم نے ایک دوسرے کے نقطہ ہائے نظر سے مزید آگاہی حاصل کی ۔ان کا کہنا تھا کہ ہمارے نزدیک پرامن ایٹمی توانائی کا حصول این پی ٹی کے تمام ارکان کا حق ہے اور ہمارا نعرہ ہے " ایٹمی توانائي سب کے لئے ایٹمی ہتیھار کسی کے لئے نہیں۔"
انہوں نے اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ اسلامی جمہوریۂ ایران این پی ٹی کے مطابق اپنے فرائض پر عمل کر رہا ہے اور این پی ٹی کا ایک سرگرم رکن ہے کہا کہ پرامن ایٹمی توانائی تک دسترسی اور اس سے استفادہ این پی ٹی کے تمام رکن ممالک کا حق ہے اور اس کا احترام کیا جانا چاہئے۔سعید جلیلی نے کہا کہ مذاکرات میں فریقین نے اپنے اپنے نقطہ ہائے نظر پیش کئے لیکن یہ مذاکرات ابھی مکمل نہیں ہوئے ہیں اور اٹھارہ اور انیس جون کو ماسکو میں مزید مذاکرات ہوں گے۔واضح ر ہے کہ عراق کے دارالحکومت بغداد میں اسلامی جمہوريۂ ایران اور گروپ پانچ جمع ایک کے درمیان دو روزہ مذاکرات بدھ کو شروع ہوئے تھے۔جمعرات کی رات کو ان مذاکرات کا تیسرا اور آخری دور انجام پایا۔ ........
/169