11 مئی 2012 - 19:30

آج اسلامی جمہوریہ ایران سمیت ساری دنیا میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی اکلوتی بیٹی حضرت فاطمۃ زہرا سلام اللہ علیھا کے یوم ولادت باسعادت کی مناسبت سے جشن منائے جارہے ہیں۔ اسلامی جہموریہ ایران میں اس مبارک موقع پر مشہد مقدس اور قم کے ساتھ ساتھ جہاں جہاں بھی مقدس مقامات ہیں ان میں چراغاں کیا گيا ہے۔

ابنا: مشہد مقدس میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے فرزند حضرت امام رضا علیہ السلام اور قم میں حضرت معصومہ سلام اللہ علیھا کے روضوں کو نہایت ہی خوبصورتی سے سجا کر بے مثال چراغان کیاگيا ہے۔ علماء اور مراجع کرام کے گھروں پر بھی چراغاں ہے۔

مقدس مقامات، مساجد، امام بارگاہوں اور علماء و مراجع کرام کے گھروں میں جشن اور محفلوں کاسلسلہ جاری ہے جن میں محمد و آل محمد علیھم السلام کےفضائل و مناقب بیان کئے جارہے ہیں۔ عراق میں بھی نجف اشرف، کربلائے معلی ، سامرا و کاظمین میں روضہ ہائے مقدسہ کو سجایاگيا ہے اور ان مقامات مقدسہ پر لاکھوں زائرین موجود ہیں۔

شام و لبنان سے موصولہ اطلاعات کے مطابق اس وقت دمشق میں روضہ ثانی زہرا حضرت زینب سلام اللہ علیھا کے صحن میں دسیوں ہزار زائرین موجود ہیں۔ ایران میں گذشتہ شب ہی سے محفلوں کاسلسلہ شروع ہوگيا تھا جن میں عوام کی بڑی تعداد شرکت کررہی ہے۔

قابل ذکر ہے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی اکلوتی بیٹی بیس جمادی الثانی بعثت کے پانچویں برس آغوش رسالت میں آئي تھیں۔ آپ کا خطبہ فدکیہ نہایت اعلی مفاہیم پر مشتمل ہے جسے بزرگان محدثین نے نقل کیا ہے۔....... /169