20 اپریل 2012 - 19:30

بحرین علماء کونسل کے سربراہ اور ممتاز شیعہ عالم دین نے تاکید کی ہے کہ فارمولا ون ریس اور حتی دہشت گردی بھی عوام کو اپنے جائز حقوق کیلئے اٹھ کھڑا ہونے سے نہیں روک سکتی۔

ابنا: العالم نیوز چینل کے مطابق بحرین کے ممتاز شیعہ عالم دین اور بحرین علماء کونسل کے سربراہ شیخ عیسی قاسم نے الدراز شہر میں خطبہ نماز جمعہ کے دوران کہا کہ بحرینی عوام اپنے جائز مطالبات کے حصول تک چین سے نہیں بیٹھیں گے اور کوئی چیز انہیں ان مطالبات سے پیچھے ہٹنے پر مجبور نہیں کر سکتی۔ انہوں نے کہا کہ فارمولا ون ریس تو کیا حتی دہشت گردی بھی بحرین کے انقلابی عوام کو اپنی جدوجہد ترک کرنے پر مجبور نہیں کر سکتی۔

بحرین علماء کونسل کے سربراہ نے تاکید کی کہ فارمولا ون ریس بحرینی عوام کے جوش و جذبے کو اثرانداز نہیں کر سکتی اور عوام کے مطالبات سب پر واضح ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی جانب سے اپنے مطالبات سے پیچھے ہٹ جانے کا کوئی امکان موجود نہیں۔

دوسری طرف بحرینی حکومت نے ملک میں فارمولا ون ریس کی برگزاری کے موقع پر بے طرف بین الاقوامی صحافیوں کے داخلے پر پابندی عائد کر دی ہے۔ بحرینی مرکز برائے آزادی کے سربراہ علی الفایز نے العالم نیوز چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا ہے کہ بحرین کے انقلابی جوان فارمولا ون ریس کے دوران میڈیا کے ذریعے اپنا پیغام دنیا تک پہنچانے کی کوشش کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس موقع پر بحرینی حکومت کی جانب سے بین الاقوامی صحافیوں کو ویزا دینے سے انکار دینے کی وجہ بحرین کی انقلابی تحریک پر پردہ ڈالنا ہے کیونکہ اس وقت بحرین کے اسی فیصد عوام حکومت کے خلاف احتجاجی مظاہروں میں مصروف ہیں۔

علی الفایز نے کہا کہ بحرینی حکومت ملک میں فارمولا ون ریس برگزار کروا کر دنیا والوں پر یہ ظاہر کرنا چاہتی ہے کہ بحرین کے حالات معمول کے مطابق ہیں اور ملک میں کسی قسم کے احتجاجی مظاہرے نہیں ہو رہے اور اس بارے میں جو بھی خبریں سنی جا رہی ہیں وہ محض ایک پروپیگنڈہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ کل جمعہ کے روز ملک بھر میں عظیم الشان احتجاجی مظاہروں نے ثابت کر دیا ہے کہ بحرین کی مظلوم قوم پرامن احتجاج اور مظاہروں کے ذریعے آزادی اور عدالت کی خواہاں ہے جبکہ آل خلیفہ کی مستبد رژیم چودہ ماہ سے علاقائی اور عالمی حمایت کی مدد سے عوام کے ٹارچر اور انکی قتل و غارت میں مصروف ہے۔

علی الفایز نے یہ تاکید کرتے ہوئے کہ بحرینی حکومت عوام کو قتل کرنے اور انکے خلاف طاقت کے کھلے استعمال میں کسی قسم کی جھجک اور شرم محسوس نہیں کرتی کہا کہ عوام بھی حکومت کے ان ہتھکنڈوں کی پرواہ کئے بغیر اپنا احتجاج جاری رکھنے کا عزم کئے ہوئے ہیں۔

یاد رہے بحرین میں گذشتہ سال 14 فروری سے ملک بھر میں حکومت مخالف عوامی مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے۔ عوام ملک پر حاکم آمرانہ سلطنتی نظام کا خاتمہ اور جمہوری نظام کا قیام چاہتے ہیں۔

.......

/169