9 اپریل 2012 - 19:30

بحرین کے انقلابی رہنما ہشام صباغ نے بحرین کے داخلی معاملات میں امریکہ کی مداخلت کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ واشنگٹن آل خلیفہ کی حکومت کے تحفظ اور ملت بحرین کی سرکوبی میں بنیادی کردار ادا کر رہا ہے۔

ابنا: ہشام صباغ نے جو بحرین کے عمل اسلامی محاذ کے رہنما ہیں کہا کہ امریکہ نے جو کہ آل خلیفہ کی بھر پور حمایت کر رہا ہے رائے عامہ کو فریب دینے کے لئے منامہ حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ جن قیدیوں کو جسمانی ایذائيں پہنچائي گئي ہیں انہیں قانونی طبی ادارے کے حوالے کر دے۔

انہوں نے کہا کہ امریکہ کا دکھاوے کا یہ اقدام رائےعامہ کو دھوکہ دینے کے لئے ہے۔ ہشام الصباغ نے کہا کہ آل خلیفہ کی حکومت امریکہ کی مدد سے نمائشی اور دکھاوے کے اقدامات کے سہارے یہ ظاہر کرنے کی کوشش کر رہی ہے کہ وہ انسانی حقوق کی پابند ہے جبکہ امریکہ اور اسکے آلہ کار انسانی حقوق کو محض ہتھکنڈے کے طور پر استعمال کرتے ہیں۔

ادھر ایک اور انقلابی رہنما سعید الشہابی نے امریکہ اور برطانیہ کو آل خلیفہ کے جرائم میں شریک قرار دیا ہے۔ تحریک الاحرار کے سیکرٹری جنرل سعید الشہابی نے پریس ٹی وی سے گفتگو میں بحرین کے بحرانی حالات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ملت بحرین امریکہ اور برطانیہ کو آل خلیفہ کے جرائم میں شریک سمجھتی ہے۔ انہوں نے عبدالہادی خواجہ کی تشویشناک حالت کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ آل خلیفہ کی ڈکٹیٹر حکومت انقلابی رہنماؤں کو قیدخانوں میں ختم کرنے کی سازش کررہی ہے۔

سینئر انقلابی رہنما عبدالہادی خواجہ کو حکومت مخالف مظاہروں میں شرکت کرنے کے جرم میں گرفتار کرکے عمر قید کی سزا دی گئي ہے۔ عبدالہادی خواجہ پر حکومت گرانے کے اقدامات کرنے کا الزام لگایا گيا ہے۔

یاد رہے ملت بحرین اپنے پامال شدہ حقوق اور آل خلیفہ کی امتیازی پالیسیوں کے خلاف احتجاج کر رہی ہے۔....... /169