27 مارچ 2012 - 19:30

اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ ایران اور پانچ جمع ایک گروپ کے درمیان مذاکرات تیرہ اپریل کو شروع ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ چند دنوں میں مذاکرات کی جگہ کا بھی تعین کرلیا جائے گا۔

ابنا: علی اکبر صالحی نے آج تہران کے مہرآباد انٹرنیشنل ایر پورٹ پر ترکی کے وزیر اعظم رجب طیب اردوغان کی استقبالیہ تقریب میں کہا کہ استنبول نے پہلے ہی ان مذاکرات کی میزبانی کی آمادگي ظاہر کردی تھی اور امکان ہے کہ ایران اور پانچ جمع ایک گروپ کے مذاکرات استنبول ہی میں انجام پائيں۔ اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ علی اکبر صالحی نے کہا کہ یورپی یونین میں خارجہ پالیسی کمیشن کی سربراہ محترمہ کیتھرین ایشٹن نے بھی ایران اور پانچ جمع ایک گروپ کے مذاکرات کی جگہ معین کرنے کے لئے ترکی کے ساتھ رابطے کئے ہیں اور اسلامی جمہوریہ ایران کے اعلی قومی سلامتی کونسل کے سیکریٹری جنرل بھی یہ کوشش کررہے ہیں کہ آئندہ چند دنوں میں مذاکرات کا مقام معین ہوجائے۔ علی اکبر صالحی نے ایران اور ترکی کے دوستانہ تعلقات کی طرف اشارہ کرتےہوئے کہا کہ وزیر اعظم رجب طیب اردوغان کے دورہ تہران میں ایٹمی معاملے پر تبادلہ خیال ہونے سے قبل دیگر مسائل منجملہ دو طرفہ تعلقات پر بات چیت ہوگي۔ ترکی کے وزیر اعظم رجب طیب اردوغان آج صبح ایک اعلی رتبہ سیاسی اور اقتصادی وفد کے ہمراہ تہران پہنچے ہیں۔........ /169