1 فروری 2012 - 20:30

فلسطین کی جہاد اسلامی تحریک کے جنرل سکریٹری رمضان عبداللہ نے، جو اس وقت تہران کے دورے پر ہیں، اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر، پارلیمنٹ کےاسپیکر اور قومی سلامتی کونسل کے سکریٹری سے ملاقات کی اور علاقے میں رونما ہونے والی تبدیلیوں خاص کر فلسطین کے حالات پر گفتگو کی ۔

ابنا: جہاد اسلامی تحریک کے جنرل سکریٹری"رمضان عبد اللہ" نے گزشتہ روز صدر مملکت ڈاکٹر احمدی نژاد سےملاقات کرکے علاقائی ملکوں میں رونما ہونے والی حالیہ تبدیلیوں کے متعلق کہا کہ استعمار کے خلاف علاقائی عوام کے خود مختارانہ قیام کے مطالبے نے ناجائز صہیونی ریاست کو تباہی و بربادی کے دہانے پر کھڑا کر دیا ہے۔

ڈاکٹر احمدی نژاد نے صہیونی ریاست کے مقابلے میں ڈٹ کر مقابلہ کر نے والے فلسطینی عوام اور مزاحمتی گروہوں کی تعریف کرتے ہوئے تاکید کی کہ صہیونی ریاست کے مقابلے میں فلسطینی عوام کی استقامت نے عوامی بیداری کے پھیلاؤ میں مفید اور بہترین کردار ادا کیا ہے۔

صدر مملکت نے تہران میں " جوان اور اسلامی بیداری" کے عنوان سے منعقد ہونے والی کانفرنس کی پہلی نشست میں مشرق وسطی میں رونما ہونے والی تمام مشکلات کی جڑ صہیونی ریاست کو قرار دیا اور اس حکومت کی ہٹ دھرمی کے مقابلے میں فلسطینی عوام کے مقابلے اور کوششوں کو سراہا۔

جہاد اسلامی تحریک کے جنرل سکریٹری"رمضان عبد اللہ" نے بھی صدر مملکت سے صہیونی ریاست کے مقابلے میں اپنی استقامت و مزاحمت جاری رہنے پر تاکید کرتے ہوئے کہا کہ فلسطینی عوام اوران کی استقامت کے خلاف شدید دباؤ مستکبرین کی قدرت و طاقت کی کمزوری کی علامت ہے۔

ایرانی پارلیمنٹ مجلس شورای اسلامی کے اسپیکر ڈاکٹر علی لاریجانی نے بھی رمضان عبد اللہ سے ملاقات میں کہا کہ علاقے میں رو نما ہونے والے انقلاب نے صہیونی ریاست کو الگ تھلگ کر دیا ہے اور ایسے حالات میں قدس پر قبضہ کر نے والی حکومت سے مذاکرات کرنا ایک بھول ہے ۔

اسلامی جمہوری ایران کی قومی سلامتی کونسل کے سیکرٹری سعید جلیلی نے بھی جہاد اسلامی تحریک کے جنرل سیکرٹری سے ملاقات میں علاقے اور دنیا میں پھیلنے والی اسلامی بیداری میں استقامت کے معیار و محور کی اہمیت پر تاکید کرتے ہوئے کہا کہ فلسطین عالم اسلام کا مشترکہ ہدف و آرزو اور اسلامی بیداری میں فروغ کا بہترین محور ہے ۔رمضان عبد اللہ نے لاریجانی اور جلیلی سے ملاقات کے دوران فلسطین کے اہداف و آرزو میں ایران کی معنوی حمایتوں کی ستائش اور تاکید کرتے ہوئے کہا کہ فلسطین کے عوام صہیونی ریاست کے ہاتھوں اپنی مقبوضہ سر زمین کی مکمل آزادی تک ان سے مقابلہ کر تے رہیں گے۔

فلسطین کی قانونی حکومت کے وزیر اعظم اسماعیل ہنیہ نے بدھ کو قطر میں کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران ہمیشہ فلسطینی عوام کا ہمدرد تھا اور صہیونی ریاست کےمقابلے میں فلسطینی عوام اور اس کی استقامتوں کی حمایت کی اور کر رہا ہے۔

اسماعیل ہنیہ نے عنقریب اپنے تہران کے دورے کی خبر دیتے ہوئے تاکید کی کہ ہمیشہ سے فلسطین اور ایران کے درمیان بہترین و خوشگوار تعلقات بر قرار رہا ہے۔........

/169