ابنا: مجلس وحدت مسلمین پنجاب کے سیکرٹری جنرل علامہ عبدالخالق اسدی نے ملاقات کرنے والے طلبہ کے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان ملت تشیع کی نمائندہ جماعت ہے اور آئی ایس او پاکستان کے نوجوان ہمارے دست و بازو ہیں۔ پنجاب یونیورسٹی کے طلبہ کے ایک وفد نے ان سے ملاقات کی اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا۔
علامہ عبدالخالق اسدی نے کہا کہ نوجوان وطن کے معمار ہیں اور مستقبل میں ملک کی باگ ڈور نوجوانوں نے ہی سنبھالنی ہے اس لئے طلبہ کو چاہیے کہ اپنی توجہ علم کے حصول پر زیادہ سے زیادہ رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اس بات پر فخر ہے کہ آئی ایس او پاکستان کے کارکن وطن کے پرامن اور محب وطن شہری ہیں اور آئی ایس او کا ماضی اس بات کا گواہ ہے کہ آئی ایس او نے ہمیشہ طلبہ حقوق کے لئے آواز بلند کی ہے۔
علامہ اسدی نے پنجاب یونیورسٹی میں پیش آنے والے اندوہناک واقعہ پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ یزیدیت کے گماشتے ہر دور میں رہے ہیں اور اس دور میں جمعیت کے غنڈوں نے یزید کے پیرو ہونے کا ثبوت دیا ہے۔ انہوں نے طلبہ کو یقین دلایا کہ پنجاب یونیورسٹی میں یوم حسین ع کا انعقاد ہر صورت میں ہو گا، اس حوالے سے جماعت اسلامی کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ سے بھی بات ہو گئی ہے، انہوں نے یوم حسین ع کے انعقاد میں اپنے مکمل تعاون کا یقین دلایا ہے۔ علامہ اسدی نے مزید کہا کہ امام حسین ع پوری دنیا کے مظلومین کے امام ہیں اور ان کی یاد میں تقریب کا انعقاد ان سے محبت کی علامت ہے، جبکہ امام حسین ع کی عزاداری یا سیمینار کو روکنا یزیدیت ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم عزاداری امام حسین ع کی راہ میں کوئی رکاوٹ برداشت نہیں کریں گے، امام حسین ع کا نام اور پیغام مٹانے والے خود مٹ گئے لیکن امام حسین ع آج بھی تاریخ میں زندہ ہیں اور حق کا استعارہ ہیں۔ انہوں نے طلبہ کو یقین دلایا کہ مجلس وحدت مسلمین آئی ایس او پاکستان کے کارکنوں کے ساتھ ہے۔ انہوں نے طلبہ کو بتایا کہ پنجاب یونیورسٹی کے وائس چانسلر سے بھی جلد وفد کی صوررت میں ملاقات کی جائے گی اور یونیورسٹی ہاسٹلز سے بے دخل کئے گئے طلبہ کی دوبارہ بحالی کے لئے بات کی جائے گی۔ انہوں نے ہاسٹل سے بے دخل کئے جانے والے طلبہ کے موقف کو بھی سنا اور اپنے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔ اس موقع پر افسر رضا خان، سید اسد عباس نقوی، رائے ناصر عباس اور مظاہر شگری بھی موجود تھے۔
.......
/169