20 دسمبر 2011 - 20:30

بحرین میں باخبر ذرائع نے بتایا کہ آل خلیفہ حکومت اپنے ہاتھوں بے دخل ہونے والے ملازمین کو بادشاہ کے براہ راست وعدوں کے باوجود کام پر لوٹانے سے عملی طور پر انکاری ہے۔

 اہل البیت (ع) نیوز ایجنسی ـ ابنا ـ کی رپورٹ کے مطابق آل خلیفہ کے بادشاہ نے ماہ مبارک رمضان سے اب تک کئی مرتبہ حکومت کے ہاتھوں کام سے برخاست ہونے والے ملازمین کو واپس کام پر لوٹانے کے سلسلے میں کئی بار احکامات جاری کئے ہیں لیکن ان کے ماتحت حکام زبانی احکامات دے کر سرکاری اداروں اور کمپنیوں کو برخاست ملازمین کو لوٹانے سے منع کررہے ہیں۔یادرہے آل خلیفہ حکومت نے بحرین میں ہونے والے مظاہروں میں شرکت کے الزام میں ہزاروں ملازمین کو بے روزگار کرکے گھر بھجوادیا ہے اور ان ملازمین کی اکثریت کا تعلق ملک کی اکثریتی آبادی سے ہے تا ہم ان میں متعدد سنی ملازمین بھی شامل ہيں جو انقلاب بحرین میں اپنے شیعہ برادران کے دوش بدوش شریک رہے ہیں۔ حکومت نے ان افراد پر الزام لگایا تھا کہ وہ ٹریڈ یونین اور اداروں و تنظیموں کی تشکیل، بیان کی آزادی اور پر امن مظاہروں کے انعقاد کا حق مانگ رہے تھے!!!ملازمین پر قابو رکھنے اور انہيں سزا دینے کے لئے آل خلیفہ نے عدالتی نظام سے باہر ایک کمیٹی تشکیل دی ہے جو تأدیبی کمیٹی کہلاتی ہے اور اسی کمیٹی نے ان ملازمین کے ان درخواستوں کو شہری خدمات کے اصولوں سے متصادم قرار دے کر انہيں کام سے بے دخل کردیا تھا۔ ادھر بسیونی کی تحقیقاتی کمیٹی کی رپورٹ میں بھی کہا گیا ہے کہ ان ملازمین کی برخاستگی بحرینی قوانین کی کھلی خلاف ورزی کے زمرے میں آتی ہے چنانچہ تمام برخاست شدگان کو اپنے کام کاج پر واپس آنا چاہئے۔آل خلیفہ کی حکومت نے بظاہر بسیونی کی اس سفارش کو منظور کرلیا ہے لیکن عملی طور پر کوئی ملازم اپنے کام پر نہیں جاسکا ہے۔آل خلیفہ کی طرف سے بسیونی رپورٹ کے تمام نکات کی اعلانیہ خلاف ورزیوں سے معلوم ہوتا ہے کہ بسیونی کا مشن اور ان کی رپورٹ صرف ایک نمائش ہے جس کے ذریعے یہ ستمگر خاندان مزید مظالم و جرائم کے لئے راستہ کھولنا چاہتا تھا جبکہ اس کو امریکہ و برطانیہ اور آل سعود کی ہمہ جہت حمایت بھی حاصل ہے لیکن اس کے باوجود یہ حقیقت بھی ناقابل انکار ہے کہ  آل خلیفہ خاندان کی عالمی پوزیشن وہ نہیں رہی جو 14 فروری کے عوامی اور اسلامی تحریک کے آغاز سے قبل تھی۔ آس پاس نظریں دوڑا کر آل خلیفہ سمیت آل سعود کی موجودہ پوزیشن نیز علاقے میں امریکہ، برطانیہ اور صہیونی ریاست کی پوزیشن کو عینک لگائے بغیر بھی دیکھا جاسکتا ہے۔

........

/110

تفصیل کے لئے روجوع کیجئے:

انقلاب بحرین کا 333واں دن/ آل خلیفہ کے غنڈوں کی طرف سے شعائر حسینی کی توہین